نئی سبزی منڈی میں ترقیاتی کا کام جلد مکمل ہوگا، عائشہ ابڑو

98
کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو اور حیدرآباد چیمبر کے سربراہ دولت رام لوہانا تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کررہے ہیں
کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو اور حیدرآباد چیمبر کے سربراہ دولت رام لوہانا تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محترمہ عائشہ ابڑو نے بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حیدرآباد میں صحت و صفائی، نئی سبزی منڈی میں تعمیر و ترقیاتی کاموں کو پائیہ تکمیل کو پہنچانے، گذشتہ ادوار میں ایک ہزار ایکڑ زمین پر مشتمل ایک چھت کے نیچے دفاتر بنانے کی PC-I کا جائزہ لے کر تمام اَمور جلد از جلد انجام دیتے ہوئے عوام اور بزنس کمیونٹی کو بھرپور صحت مند ماحول فراہم کرنے اور شہر سے گندگی صاف کرنے کے کاموں پر بھرپور کام کریں گی۔ شہریوں کے صاف پانی اور نکاسئی آب کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے کانفرنس ہال میں صدر چیمبر دولت رام لوہانہ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں سپاسنامے کا جواب دے رہیں تھیں۔ اُنہوں نے نئی سبزی منڈی میں بجلی، پانی، نکاسئی آب، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بائونڈری وال جلد اَز جلد پائیہ تکمیل کو پہنچانے کا وعدہ کیا تاکہ فروٹ اور ویجیٹیبل مارکیٹ کے دُکانداروں کو وہاں جلد اَز جلد منتقل کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کی تعیناتی کو حیدرآباد میں تقریباً ایک ماہ کا عرصہ گزرا ہے وہ اِس عرصے میں حیدرآباد کے مختلف مسائل کا جائزہ لے چلی ہیں اور اُن کے حل پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ اپنے دائرہِ اختیار میں تمام اَمور کو حل کرنے کی بھرپور جدوجہد کریں گی اور چیمبر کی جانب سے پیش کردہ مسائل کے حل کے لیے جو مختلف محکموں سے متعلق کو حل کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ میٹنگ بلائی جائے گی جن میں بلدیاتی ادارے، واسا اور سائٹ کے محکمے شامل ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وہ چیمبر آفس کے لیے ڈسٹرکٹ کونسل شاپنگ سینٹر کی بالائی منزل پر خالی دفاتر کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کر کے معاملے کا جائزہ لیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ شہر، لطیف آباد، قاسم آباد اور رورل حیدرآباد تعلقوں میں کچرا ڈمپ کرنے کے لییکچرا کنڈیوں کا انتظام کیا جائے گا خاص طور پر مارکیٹوں کے قریب کچرا کنڈیاں رکھی جائیں گی اور اگر کسی نے بھی اُن سے باہر کچرا پھینکنے کی کوشش کی تو اُس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا فلٹر پلانٹ ٹنڈو محمد خان روڈ کے اطراف میں سڑک سے اونچے نالوں کی تعمیر کا معاملہ سلجھانے کے لیے وہ متعلقہ محکموں کا اجلاس بلا کر اُس کا حل نکالیں گی ، شمع کمرشل ایریا کو گیس کی فراہمی کے سلسلے میں روڈ کٹنگ کی اجازت دینے کا بھی جائزہ لیں گی۔ اِس سے قبل صدر دولت رام لوہانہ نے اپنے سپاسنامے میں تاجر و صنعتکار برادری کے تمام مسائل تفصیلاً بیان کیے جبکہ سابق صدر محمد فاروق شیخانی، صدر سبزی منڈی ایسوسی ایشن محمد الطاف میمن اور سابق چیئرمین حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن محمد شاہد قائم خانی نے بھی ڈپٹی کمشنر صاحبہ کو اپنے شعبوں سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور اُن کو حل کرنے پر زور دیا۔ اِس موقع پر سینئر نائب صدر معیز عباس، نائب صدر محمد یاسین خلجی، محمد اکرم انصاری، سکندر علی راجپوت، سلیم الدین قریشی، محمد عارف میمن، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی اور بزنس کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔