مولانا اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں،وزیراعظم

145

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان مدارس اصلاحات پر پریشان ہیں، اصلاحات ہوگئیں تو مدارس کے طلبہ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکے گا، مولانا اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست بچانے کی کوشش میں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے موجودہ معاشی صورتحال اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے احتجاج پر بھی گفتگو ہوئی، اراکین اجلاس کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اب 27 اکتوبر کی تاریخ نہ بدلیں اور اسلام آباد آ جائیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان مدارس اصلاحات پر پریشان ہیں، اصلاحات ہو گئیں تو مدارس کے طلبا کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے کوئی پریشانی نہیں ہے، تحریک انصاف سب سے بڑی عوامی قوت ہے، احتجاجی تحریکوں کا مقصد این آر او کے لیے دباؤ ڈالنا ہے،احتساب کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی بیانیے کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے ترجمانوں کو کہا کہ عوام کو حکومت کی کامیابیوں سے مؤثر طریقے سے آگاہ کیا جائے، اور  مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کے مقاصد سے بھی آگاہ کریں۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نےگزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت 27 اکتوبر سے حکومت کیخلاف اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کرے گی۔