ماضی میں قومی اداروں کی بحالی کو فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف

165

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ادارے کی بحالی کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر نجکاری میاں محمد سومرو، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان اسٹیل ملزعامر ممتاز و دیگر شریک تھے ۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں اور اس سلسلے میں مختلف آپشنز زیرغور آئے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے چین اور روس کی کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے اس سلسلے میں مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس ادارے کی بحالی کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرکے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائے تاکہ جہاں سرکاری خزانے پر ہر ماہ پڑنے والے بوجھ کو ختم کیا جا سکے وہاں ادارے کو فعال بنا یا جائے تاکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔