اسلام آباد، یونیورسٹی انتظامیہ کی غفلت سے طالب علم دم توڑگیا

94

اسلام آباد:نجی یونیورسٹی میں بی بی اے سیکنڈ سمسٹر کے طالب علم انعام الحق جاوید دل کا دورہ پڑنے سےیونیورسٹی کی سیڑھیوں پر بے ہوش ہوا، تاہم فوری طبی امداد نہ ملنے کی صورت میںانتقال کرگیا۔

طلباء کا کہنا ہے کہ انعام الحق سیڑھیوں پر بے ہوش پڑا تھا لیکن انتظامیہ نے ایمبولینس کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جس کی وجہ سے انعام زندگی کی بازی ہار گیا۔

ساتھی طالب علموں کا سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں کہنا تھا کہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد انعام الحق جاوید 45 منٹ تک کیمپس میں زندگی اور موت کی جنگ لڑتا رہا لیکن ایمبولینس کو داخل نہیں ہونے دیا گیا۔

طلباء کے احتجاج میں اساتذہ بھی شامل ہوگئے اور’جسٹس فار انعام‘ کے نعرے لگاتے رہے، طلبانے کلاسز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے قیمتی جان کے نقصان کو انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت قرار دیا ہے۔

دوسری جانب رجسٹرار کامسیٹس کا کہنا ہے کہ طالب علم کو فوری طبی امداد دی گئی لیکن دل کا دورہ اس قدر شدید تھا کہ وہ جانبر نہ ہوسکا،رجسٹرار کا کہنا ہے کہ ڈیتھ رپورٹ میں بھی دل کا دورہ ثابت ہو گیا ہے جب کہ انعام کے ورثاء نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا ہے اور وہ میت اپنے ساتھ گھر لے گئے ہیں۔