پلاسٹک کا استعمال ترک کر نے کے احکامات جاری

468

پاکستان آنے والی تمام پروازوں میں پلاسٹک کا استعمال ترک کر نے کے احکامات جاری کردیئے گئے یہ احکامات  بیزل کنونشن کے تحت تمام ایئرلائنز کو جاری کیے  گئےہیں

ہوابازی ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری نے رواں  ہفتے  موسمیاتی تبدیلی پر وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر ملک امین اسلم کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ہوابازی ڈویژن کے اعلیٰ اہلکار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ احکامات تمام مقامی اور بین الاقوامی ایئرلائنز کو جاری کیے گئے ہیں تاہم آغاز میں جرمانے عائد کرنے کی بجائے صرف یاد دہانی کرائی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیونکہ صرف اسلام آباد میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی ہے اس لیے فی الحال اسلام آباد کے ایئرپورٹ پر ہی ان احکامات کا نفاذ ممکن ہو سکے گا۔

پاکستان کے دیگر ہوائی اڈوں پر ان احکامات کا اطلاق کیسے کیا جائے گا، اس حوالے سے صورتحال فی الحال واضح نہیں ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں اس پابندی کا نفاذ 1997 کے ماحولیاتی تحفظ کے قانون کے تحت رواں برس 14 اگست سے کیا گیا تھا۔