پاکستان اور افغان طالبان امن عمل کی بحالی پر متفق

331

پاکستان کے دورے پر آئے افغان طالبان کے وفد نے وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات میں افغان امن عمل کی جلد بحالی پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستانی حکام اور افغان طالبان کے وفد کی ملاقات دفتر خارجہ میں ہوئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جب کہ 12 رکنی افغان طالبان کے وفد کی قیادت ملا عبد الغنی برادر نے کی۔

وزارت خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق افغان طالبان نے امن عمل کی جلد بحالی پر اتفاق کیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امن مذاکرات کے لیے ماحول میں بہتری ضروری ہے اور مذاکرات کے لیے تشدد زدہ ماحول ختم  ہونا چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے ، امن کے لیے مذاکرت ہی واحد اور مثبت راستہ ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل کی جلد بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا جب کہ  پاکستان امن عمل کے لیے مصالحانہ کردار ادا کررہا ہے۔