سکھر،غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل، ملزم فرار

160

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل، ملزم فرار، مقتولہ کی لاش پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی، سکھر ضلع کی تحصیل پنو عاقل کے تھانے سانگی کی حدود میں ایک شخص رقیب جتوئی نے غیرت میں آکر اپنی بہن مسمات نوازی کو پہلے گلا دبا کر ہلاک کرنے کی کوشش کی تاہم بعد ازاں اسے زہر دے کر ہلاک کردیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع پر پہنچ کر مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال پہنچائی جہاں سے ورثا کے حوالے کردی، ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کوششیں شروع کردی ہیں جبکہ واقعہ کا ابھی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔ سکھر پولیس کا سماجی برائیوں میں ملوث ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد منشیات فروش، مفرور اشتہاری ملزمان گرفتار، مقدمات درج۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ آباد پولیس کی حدود کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، شراب گٹکا ڈیلرز سمیت 3 ملزمان گرفتار کیے گئے، گرفتار ملزمان میں شراب فروش کریم بخش چوہان، نور حسن چوھان، گٹکا فروش رضوان سیٹھار شامل مقدمات درج، اے سیکشن پولیس کی حدود میں دوران اسنیپ چینگ کارروائی، مختلف مقدمات میں مطلوب مفرور گلزار ملاح گرفتار، ملزم پولیس مقابلوں، چوری، ڈکیتی سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب و مفرور تھے۔ روہڑی پولیس کی حدود میں دوران کارروائیاں، اشتہاری مفرور سمیت تین اشتہاری گلمیر، زمیر اور مفرور دلبر عرف کلو ملک گرفتار، ملزمان متعدد مقدمات میں سکھر پولیس کو مطلوب تھے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموںنے پولیس پارٹی کی کامیاب کارروائیوں پر شاباشی دی۔