خزانہ آفس میں رشوت کا بازار گرم ہے، کرپشن کیخلاف تحریک چلائیں گے، دادو بچائو کمیٹی

123

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) دادو بچاؤ کمیٹی کی جانب سے خزانہ آفس دادو میں ہونے والی ریکارڈ کرپشن کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا گیا۔ یہ اعلان دادو بچاؤ کمیٹی کے رہنماؤں ذکریا جمالی، ظہور ملاح ودیگر نے حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں خزانہ آفس دادو کے عملے نے ملی بھگت کرکے ریٹائر، فوت ہونے والے ملازمین کی رقم دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کرکے ہڑپ کرلی، مذکورہ دفتر میں رشوت کا بازار گرم ہے، کوئی کام بغیر لینے دینے کے نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے نچلے درجے کے سرکاری ملازمین سخت مشکلات سے دوچار ہیں، ہر ماہ کروڑوں روپے کرپشن کی نذر ہورہے ہیں۔ اس لیے ہم اپنی کمیٹی کے تحت احتجاجی تحریک شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فی الفور نوٹس لے کر کرپشن میں ملوث عملے کے افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔