حیدرآباد، ٹھیکے دار مافیا نے نرسری پارک عوام کیلئے بندکرادیا

358

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پھولوں کی نمائش کے نام پر بلدیہ کی جانب سے عوامی تفریحی کے لیے بنائے جانے والے نرسری پارک کو کمرشل بنیادوں پر ٹھیکے پر دے دیا گیا، جس کے باعث لطیف آباد کا اہم ترین نرسری پارک جو کہ بچوں اور فیملی کی تفریحی کے لیے بنایا گیا تھا وہ عوام کے لیے بند کردیا گیا اور صرف اس میں ٹکٹ لے کر ہی جاسکتے ہیں جبکہ جاکنگ اور صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لیے آنے والے علاقہ مکین اور لطیف آباد کے شہری سخت پریشان ہیں۔ بلدیہ کی جانب سے مذکورہ پارک کو ایک کمرشل ادارے کو دے کر یہاں میلہ لگا دیا گیا ہے، جس میں جمپنگ، جھولے اور دیگر کمرشل اشیا پر ٹکٹ وصول کیا جارہا ہے۔ مذکورہ اقدام پر علاقہ مکینوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور انہوں نے اس کیخلاف علاقے میں بینرز بھی آویزاں کیے ہیں، جن پر فوری طور یہاں سے میلہ ختم کرکے کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کے مطالبات کیے گئے ہیں، جبکہ عوام نے سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ لطیف آباد 6 نمبر کی نرسری کو ٹھیکے پر چلایا جارہا ہے۔ تفریحی پارک کو انتظامیہ نے کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے۔ کبھی کسی کے حوالے کردیا جاتا ہے تو کبھی علاقہ مکینوں کے لیے بند کردیا جاتا ہے۔ جو چیز جس کام کے لیے بنائی جاتی ہے، اس کے برعکس کام لیا جاتا ہے اور کمائی کا ذریعہ بنالیا جاتا ہے۔ انتظامیہ نرسری پارک میں میلے ٹھیلے لگانے کی اجازت ختم کرے اور بہت سی جگہیں موجود ہیں جہاں میلے منعقد ہوسکتے ہیں۔ خواتین و بچوں کے لیے نرسری پسندیدہ جگہ ہے، نرسری مصروف ہونے سے خواتین و بچے تفریحی سہولت سے محروم ہوجاتے ہیں، میئر حیدر آباد فوری نوٹس لیں۔