وزیراعظم کی تقریر اچھی تھی۔زلزلہ زدگان کو نقصان کے برابر معاوضہ دیا جائے ،بلاول

219
میر پور: چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول زرداری زلزلے سے متاثر ہ بچی کی عیادت کے دوران ہاتھ پر بوسہ دے رہے ہیں
میر پور: چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول زرداری زلزلے سے متاثر ہ بچی کی عیادت کے دوران ہاتھ پر بوسہ دے رہے ہیں

میرپور،اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اپنے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو اچھا قرار دیدیا تاہم ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ان کا فوکس کشمیر ہونا چاہیے تھا۔بلاول زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اچھی تقریر کی لیکن مقبوضہ کشمیر پر جو تاریخی حملہ ہوا صرف اس پر ہی فوکس کرنا چاہیے تھا۔ انھیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کرنی چاہیے تھی۔زلزلہ متاثرین کیساتھ ملاقات کے بعد میرپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق سے درخواست کرتی ہے کہ عوام کی ضرورت زیادہ ہے اس حساب سے مدد کی جائے،زلزلہ زدگان کو نقصان کے برابر معاوضہ دیا جائے۔ یہاں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی ضرورت ہوگی۔ سندھ حکومت کی طرف سے مدد کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام مشکلات سے دوچار ہیں، حکومت کو جانا ہوگا سب کی سوچ اور مطالبہ ایک ہے کہ یہ حکومت دھاندلی زدہ ہے۔ ہمارا آزادی مارچ پر موقف واضح ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی دھرنے کی سیاست کے خلاف رہی ہے۔ اس سلسلے میں جلد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوگی۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا کشمیرسفیر بننے کا مقصد یہ نہیں کہ صرف ایک تقریر یا ٹویٹ کریں۔ انہوں نے کشمیر کے ایشو پر 50 دن میں کتنے ممالک کا دورہ کیا ہے؟ پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن نے کشمیر کے ایشو پر جوائنٹ سیشن کا کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ایک خاص رشتہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بہن بھائی قید میں ہیں۔ کشمیریوں کا حق ہے کہ ان کو تمام انسانی حقوق ملیں۔ ہماری پوری کوشش ہے ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کی آواز بلند کریں۔علاوہ ازیںوزیر اعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدرخان نے میرپور کے دورہ پر آئے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کو ٹیلی فون کیااور زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہاکہ آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک اور ان کے ہر ممکن مدد کیلیے تیار ہیں ۔ زلزلہ کے بعد حکومت سندھ نے ابتدائی ریسکیو کے آپریشن میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہاکہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے حوالے سے حکومت آزادکشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون کرینگے اور سلسلہ میں حکومت سندھ کو بھی ہدایت کر دی ہے۔
بلاول زرداری