قائداعظم ٹرافی مہران ابراہیم اور خوشدل شاہ کی سنچریاں

116

لاہور(جسارت نیوز)قائداعظم ٹرافی کے سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں چوتھے راؤنڈ کا آغاز ہوگیا۔ 2 اکتوبر سے شروع ہونے والا راؤنڈ 4 اکتوبر تک جاری رہے گا۔حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں جاری میچ میں خیبرپختونخوا نے مہران ابراہیم اور خوشدل شاہ کی سنچریوں کی بدولت سینٹر ل پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز کا پہاڑ کھڑا دیا ہے۔ اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان خوشدل شاہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 76 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کے مڈل آرڈر بیٹسمین مہران ابراہیم اور خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 251 رنز کی شاندار شراکت نے میچ میں میزبان ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی ہے۔ مہران ابراہیم 131 اور خوشدل شاہ 127رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پراعتزاز حبیب خان 43 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے محمد علی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز کا آغاز دوسرے روز کرے گی۔ بلوچستان اور ناردرن کے درمیان تین روزہ نان فرسٹ کلاس میچ این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگیا۔ پہلی اننگز میں رضا الحسن اور رضا حسن پر مشتمل ناردرن کی اسپن جوڑی نے بلوچستان کی پوری ٹیم کو 191 رنز پر آؤٹ کردیا ہے۔جواب میں ناردرن نے دن کے اختتام پر 1 وکٹ کے نقصان پر 73 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو رضا الحسن اور رضا حسن کی گھومتی گیندوں کے سامنے بلوچستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز بے بس دیکھائی دئیے۔ 51 رنز پربلوچستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ آلراؤنڈر جلات خان نے ناردرن کے بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بلوچستان کی پوری ٹیم 71.1 اوورز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ناردرن کے رضاالحسن اور رضا حسن نے 3،3 جبکہ سلمان ارشاد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ناردرن کرکٹ ٹیم نے نوید ملک کی نصف سنچری کی بدولت1 وکٹ کے نقصان پر 73 رنز بنالیے ہیں۔ نوید ملک 56 اور حسن رضا 3 اسکور بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں شیڈول سدرن پنجاب اور سندھ کے درمیان میچ بارش کے باعث شروع نہ ہوسکا۔