بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان آنا چاہیے، سری لنکن وزیر کھیل

108

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنانڈو نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کیلئے اگر ہماری اور بنگلادیشی ٹیم پاکستان آ سکتی ہے تو بھارت کو بھی آنا چاہیے۔ایک انٹرویو میں ہیرن فرنانڈونے کہا کہ ایشیا کپ کیلئے سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہوں گی ایسے میں بھارت کو بھی آنا چاہیے، البتہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی کا ہی ہوگا میں اس پر زیادہ تبصرہ نہیں کر سکتا۔ ہیرن فرنانڈو نے کہا کہ دورے سے سری لنکن کرکٹرزکی ہچکچاہٹ پر ایک پاکستانی وزیر نے بیان دیا کہ ایسا آئی پی ایل معاہدوں کی وجہ سے ہو رہا ہے، درحقیقت بھارتی لیگ میں لسیتھ مالنگا کے سوا تو ہمارا کوئی کھلاڑی شریک ہی نہیں ہوتا، اس بیان سے بڑا تنازع کھڑا ہوگیا تھا، بھارتی ہائی کمشنر نے مجھ سے کہا کہ اس کی تردید کریں جو میں نے کردی، معاملہ کہیں سے کہیں جا رہا تھا اور سری لنکا درمیان میں سینڈوچ بن گیا، خیر خوش قسمتی سے مسئلہ حل ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت بھی ہمارے لیے بڑے بھائی کی طرح ہے اور ہم اس کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان نے بھی ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہے، میں بھول نہیں سکتا کہ ہماری ٹیم نے لاہور میں ہی ورلڈکپ جیتا تھا۔ہیرن فرنانڈو نے ایک بار پھر کہا کہ ہمارے3،4سینئر کرکٹرز ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان نہیں آنا چاہتے، ہم انھیں قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں امید ہے کہ کامیاب رہیں گے۔