پاکستان نے آسڑیلیا اور بھارت کا عالمی ریکارڈبرابر کردیا

127

سید پرویز قیصر
پاکستان نے کراچی میں کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کو67 رن سے شکست دیکر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اسکے خلاف154 میچوں میں91 ویں کامیابی حاصل کی اور اس قسم کے کرکٹ میں کسی ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ میچ جیتنے کا بھارت اور آسڑیلیا کاعالمی ریکارڈ برا بر کیا۔بھارت نے آسڑیلیا کے خلاف 159 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 91 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کو56 میچوں میں شکست ہوئی ہے ، ایک میچ ٹائی اور11 میچ نامکمل رہے ہیں۔ آسڑیلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 137 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 91 کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس کو39 میچوں میں شکست ہوئی ہے جبکہ سات میچ برابر رہے ہیں۔پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ کامیابیاں متحدہ عرب امارات میں حاصل کی ہیں۔ یہاں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 50 میں سے 33 میں جیت حاصل کی ہیں۔16 میچوں میں پاکستان کو شکست ہوئی ہے جبکہ ایک میچ ٹائی رہا ہے۔ اپنی سر زمین پر پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 29 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سے 17 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پاکستاںن میں12ایک روزہ بین الاقوامی میچ جیتے ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ممالک میں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اور اس نے ہر جگہ کامیابی حاصل کی ہے۔ آسڑیلیا میں پاکستان نے پانچ میں سے چار میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سری لنکا کی ٹیم ایک میچ جیتنے کا میاب رہی ہے۔بنگلا دیش میں دونوں کا حساب برابر ہے۔ یہاں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جو چھ ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں پاکستان نے تین اور سری لنکا نے بھی تین جیتے ہیں۔ انگلینڈ میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ بے حد شاندار ہے۔ انگلینڈ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سبھی چار میچوں میں جیت درج کی ہے۔بھارت میں سری لنکا اوربھارت کے درمیان جو سات ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں پاکستان نے چار اور سری لنکا نے تین جیتے ہیں۔ کینیا میں سری لنکا کے خلاف پاکستان نے دونوں ایک روزہ بین الاقوامی میچ جیتے ہیں۔ مراکش میں دونوں کا مقابلہ دو مرتبہ ہوا ہے جس میں دونوں نے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔سنگا پور میںپاکستان اور سری لنکا کے درمیان جو تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں دونوں نے ایک ایک میچ جیتاہے جبکہ ایک میچ بغیر کسی فیصلہ کے ختم ہوا ہے۔ جنوبی افریقا میں پاکستان نے پانچ میںسے چار میچ جیتے ہیں جبکہ سری لنکا نے ایک میچ کامیابی اپنے نام کی ہے۔سری لنکا کے گھر میں پاکستان نے 41 میں سے 18 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سری لنکا نے 20 میچ جیتے ہیں جبکہ تین میچ نامکمل رہے ہیں۔ سری لنکا میں پاکستان نے اس کے خلاف زیادہ میچ ہارے ہیں اور کم میچوں میں جیت حاصل کی ہے۔