کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 6اکتوبر کو لاہو رمیں تاریخی مارچ کرینگے، امیر العظیم

482
لاہور: جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں، محمد جاوید قصوری، ذکر اللہ مجاہد، قیصر شریف و دیگر موجود ہیں
لاہور: جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں، محمد جاوید قصوری، ذکر اللہ مجاہد، قیصر شریف و دیگر موجود ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں 6 ؍ اکتوبر کو لاہور میں بھارتی ظلم و جبر کے شکار کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے کشمیر بچائو مارچ میں زندہ دلان لاہور لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں گے ۔ لاہور کے عوام بھارت کو یہ پیغام دیں گے کہ اب وہ زیادہ دیر تک کشمیریوں کو غلام بنا کر نہیں رکھ سکے گا ۔جماعت اسلامی پہلے دن سے کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا ، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔ پاکستان پر بر سر اقتدار رہنے والی جماعتوں نے کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے راجیو گاندھی ، واجپائی اور مودی کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھائیں اور آلو پیاز ٹماٹر کی تجارت کے لیے کشمیریوں کے قاتلوں کو پسندیدہ ترین قوم کا درجہ دیا ۔ پاکستانی حکمرانوں کی ان غلطیوں اور کشمیریوں سے بے وفائی کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا کشمیر میں ہونے والے ظلم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ حکمران جتنی اچھی چاہیں تقریریں کر لیں ، جب تک وہ کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدامات نہیں کرتے ، دنیا بھی خاموشی سے تماشا دیکھتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسجد شہدا کے سامنے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیرمحمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی وسطی پنجاب بلال قدرت بٹ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف ،شاہد نوید ملک اور صہیب شریف بھی موجود تھے ۔امیر العظیم نے کہاکہ تاریخ انسانی میں اتنا ظلم کسی خطے میں نہیں ہوا جتنا گزشتہ 70 سال سے بھارت نے کشمیریوں پر کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ اب کشمیریوں کی آواز بننا ہوگا ،اس لیے زندہ دلان لاہور 6؍اکتوبر کو لاکھوں کی تعداد میں باہر نکلیں اور کشمیریوں تک یہ پیغام پہنچائیں کہ وہ جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں ہیں اور پوری پاکستانی قوم اور لاہور کے غیور عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب جاوید قصوری نے کہاکہ 6 اکتوبر کے تاریخی کشمیر بچائو مارچ کے ذریعے ایک طرف ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یکجہتی اور فتح و آزادی کا پیغام دیں گے اور دوسری طرف مودی کو یہ پیغام دیں گے کہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے دفاع اور تحفظ کے لیے پاکستان کا بچہ بچہ میدان میں کھڑا ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے، کشمیر بچائو مارچ میں اساتذہ ، طلبہ ، وکلا ، ہر مکتبہ فکر کے علما کرام اور خواتین و بچے ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر مارچ کا آغاز ناصر باغ لاہور سے سہ پہر 3 بجے ہوگا ۔ ناصر باغ سے چوک چیئرنگ کراس تک لاکھوں انسانوں کا ایک سمندر نظر آئے گا ۔کشمیرمارچ کی سیکورٹی پر جے آئی یوتھ کے ہزاروں نوجوان مامور ہوں گے ۔