مسئلہ کشمیر پر اسلام آباد میں او آئی سی کانفرنس طلب کی جائے، حسین محنتی

327
شہداد کوٹ: جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی الخدمت سینٹر کے دورے کے موقع پر ذمے داران کیساتھ گفتگو کررہے ہیں
شہداد کوٹ: جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی الخدمت سینٹر کے دورے کے موقع پر ذمے داران کیساتھ گفتگو کررہے ہیں

کراچی/شہداد کوٹ(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اس وقت حالت جنگ میں ہیں حکومت پاکستان جلد اسلام آباد میں او آئی سی کانفرنس طلب کر کے عالمی ضمیر اور مسلم امہ کو کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے اور انسانیت سوز مظالم سے آگاہ کرے کیونکہ وہ اللہ کے بعد پاکستان کو ہی آخری امید سمجھتے ہیں۔ آخری گولی اور آخری حد کے دعوے سے پہلے پہلا قدم اور پہلی گولی ضروری ہے کشمیری مائیں بہنیں روزانہ صبح کو کھڑکیاں کھول کر دیکھتی ہیں کہ کب پاکستانی فوج ہماری مدد کو پہنچتی ہے فوج کا مقابلہ فوج ہی کرسکتی ہے۔ افواج پاکستان مظلوم کشمیریوں کو بھارت کے چنگل سے آزادی دلانے کے لیے آگے بڑھے پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی کیونکہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازع علاقہ اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں حق خود ارادیت دینا لازمی ہے۔ وزیر اعظم کا خطاب اچھا مگر اب اس سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کی ضرورت ہے مسلسل یوٹرن اور حکومت کی ایک سالہ کارکردگی نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری،معیشت کی تباہی روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اڑان نے حکومتی دعوئوں کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔ تبدیلی کے سارے دعوے اب تک کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداد کوٹ میں ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں انہوں نے الخدمت میڈیکل سینٹر کا دورہ اور فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر نصیر سومرواور الخدمت کے ضلعی صدر ڈاکٹر امتیاز شیخ سمیت دیگر مقامی ذمے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت 13 اکتوبر کو حیدرآباد اور 25 اکتوبر کو جیکب آباد میں آزادی کشمیر مارچ ہوںگے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق اور لیاقت بلوچ سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔