الیکشن کمیشن‘ قاسم خان سوری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس

91

اسلام آباد (اے پی پی‘صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹریبونل بلوچستان کے فیصلے کی روشنی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 سے قاسم خان سوری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ الیکشن ٹریبونل کے27 ستمبر کے فیصلے کی روشنی میں7 اگست 2018ء کو قاسم خان سوری کی کامیابی کا جاری کردہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ قاسم خان سوری کی کامیابی کے خلاف ناکام رہنے والے امیدوار لشکری رئیسانی نے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کیا تھا۔ ٹریبونل نے قاسم سوری کی کامیابی کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔علا وہ ازیںالیکشن کمیشن نے گریڈ17سے19کے 14افسران کی ترقیوں کی منظوری بھی د ے دی۔ چیف الیکشن کمشنر کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے گریڈ17 سے18 میں6 افسران جبکہ گریڈ18 سے19 میں7 افسران کو ترقی دی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گریڈ19 سے20 میں ایک افسر کو ترقی دی گئی۔ تمام ترقی پانے والے افسران تا حکم ثانی اپنے عہدوں پر کام کرتے رہیں گے۔