پمز اسپتال اسلام آباد کی نجکاری عوام دشمن فیصلہ ہے، جماعت اسلامی

102

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے پاکستان انسٹی ٹیو ٹ آف میڈیکل سائنسز کی نجکاری کے فیصلے کی شد ید الفاظ میں مذ مت کر تے ہو ئے اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پمز ایک بڑا اسپتال ہے اور چاروں صوبوں سے غریب مریض یہاں علاج کے لیے آتے ہیں ،حکو مت اس قومی نوعیت کے ادارے کو پرائیوٹائز کر کے اسلام آباد سمیت ملک بھر سے آنے والے لوگوں کے لیے علاج کے دروازے بند کر نا چا ہتی ہے ،رات کے اندھیرے میں بنائے گئے کالے قوانین کے ذریعے عوام دشمن فیصلے کر نا آمرانہ ذہنیت کی عکاسی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجکاری کے خلاف پمز ملازمین کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسفند یار خان،محمد شریف خٹک،محمد صداقت اعوان،چودھری محمد ریاض گوجر ،محمد نواز لالی نے بھی خطاب کیا ۔میاں اسلم نے کہا کہ جو بھی حکومت آتی ہے پمزاسپتال پر شب خون مارنے کی کو شش کرتی ہے اور ہم نے ہر حکومت کے اس اقدام کی بھرپور مخالفت کی ہے، ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پمز جیسے فلاحی ادارے کی نجکاری کا خیال دل سے نکال نہیں لیا جا تا ،جماعت اسلامی ہر فورم پر اس بل کی مخالفت کر ے گی اور ملازمین کے اس احتجاج کی سپورٹ جا ری رکھے گی ۔