ٹاکس @ پی ٹی سی ایل‘کا آغاز کردیا گیا

133

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ایک نئے اقدام’ ٹاکس @ پی ٹی سی ایل‘کا آغاز کیا ہے۔ یہ تعمیرِاستعداد، تبادلہء معلومات اور فکری قیادت پر گفتگو کا سلسلہ ہے جو پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوگا۔ اس میں صنعت کے کامیاب پیشہ ورانہ افراد مقررین ہوں گے جو ٹیکنالوجی اور کاروبار، کاروباری ملکیت اور اسٹارٹ اپس، ثقافت، فنون اور تفریح کے شعبوں کے ماہرین ہیں۔ٹاکس @ پی ٹی سی ایل‘کے پہلے سیشن کے مقررین میں بدر خوشنود،سابقہ کنٹری کنسلٹنٹ، گوگل پاکستان، یوسف حُسین، سی ای او، اِگنائیٹ، اور ابان حق، ہیڈ آف اِنوویشن، کارانداز پاکستان شامل تھے۔ پی ٹی سی ایل، یو فون اور یو بینک کے عملے کے علاوہ مختلف صفِ اوّل کی یونیورسٹیوں کے طلبہ اور فیکلٹی ارکان، کارپوریٹ صارفین اور صنعت کے پیشہ ورانہ افراد بھی سیشن میں موجود تھے۔ بدر خوشنود نے ’میجک مومنٹ آف ای-کامرس‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’آبادی کے اعتبارسے دُنیا کے چھٹے بڑے مُلک پاکستان میں بیس کروڑ میں سے 70فیصد افراد 30 سال سے کم عمر کے ہیں، اوریہ تیزی سے ڈیجیٹل – فرسٹ مُلک بنتا جا رہا ہے، یعنی جہاں آن لائن اشاعت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروباری اداروں(SMEs) پر مبنی معیشت اور موبائل فون کے استعمال میں تیزی سے اضافے کی بدولت پاکستان دُنیا میں سب سے زیادہ ڈیجیٹل صارفین فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہونے کی طرف گامزن ہے۔ تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے اِس ماحول میں کاروبار کرنے کا مؤثر ترین طریقہ ای -کامرس ہے‘‘تقریب میں یوسف حُسین نے ’اِنکیوبیشن سینٹرزکے ذریعے اسٹارٹ اپس کی معاونت‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’اسٹارٹ اپس معلوماتی معیشت میں تعمیری بلاکس کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کاروباری مالکان کو پھلنے پھولنے کے لیے ایک ایسے مربوط نظام کی ضرورت ہوتی ہے جس میں رقم کی فراہمی، ترغیبات، انسانی وسائل، ریگیولیٹری معاونت، نیٹ ورکس، صلاح کار، اور خصوصی قانونی اور اکاؤنٹنگ خدمات شامل ہوں۔ انکیوبیشن سینٹرز کو اِس نوزائیدہ مربوط نظام میں مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ ٹاکس @ پی ٹی سی ایل نوجوانوں اور پیشہ ورانہ افراد کو باہم مربوط کرنے کا ایک بہترین اقدام ہے۔‘‘