تاجر رہنماء آج سینیٹ کمیٹی میں ٹیکس سے متعلق موقف پیش کریں گے

184

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس و ٹیکسٹائل کے چئیرمین سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے ملکی معیشت کی دگرگوں صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے جمعرات تین اکتوبر کو ایک اجلاس طلب کر لیا ہے جس میںوزراء، مشیروں اور اعلیٰ حکام اور کاروباری برادری کے نمائندوںکا موقف کو سن کر مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ معیشت کا پیہہ گھوم سکے۔سینیٹر مرزا محمد آفریدی کی طرف سے یہ اجلاس ایسے موقع پر طلب کیا گیا ہے جب اقتصادی سست روی کے سبب لاکھوں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری تقریباً ختم ہو گئی ہے،کاروباری برادری مایوس ہے جبکہ سہہ ماہی محاصل میں ایک سو گیارہ ارب کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ٹیکسٹائل کے شعبہ کے ماہر میاں محمدعثمان زولفقار کے مشورے پر طلب کئے گئے اجلاس میںٹیکسٹائل صنعت کو درپیش مسائل، معیشت میں جمود کی کیفیت کے تدارک ، کی انڈر انواسنگ،حکومت کی جانب سے سیب کی درامد پر عائد بھاری ڈیوٹی، ایران سے پھلوں کی بڑھتی سمگلنگ، خام نمک کی برامد کی حوصلہ شکنی اور اسکی تیار مصنوعات کی برامد کی حوصلہ افزائی کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔سب سے زیادہ برامدات اورلاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرنے والے ٹیکسٹائل کے شعبے کے مسائل اور ان پر عائد ٹیکس، برامدکنندگان کے ریفنڈ،کمرشل امپورٹرز کی مشکلات اور انکے ٹیکس و ریفنڈ کے معاملہ میں ابہام، تھوک اور پرچون فروشوں پر لگائے گئے ٹیکس اور شناختی کارڈ کی شرط پر ڈیڈ لاک پر تفصیلی غور اور اسکا حل نکالا جائے گا۔اروباری برادری کے نمائندوں میں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن، پاکستان ٹاول مینوفیکچررز ایسو سی ایشن، پاور لوم ایسوسی ایشن، یارن ٹریڈرز ایسوسی ایشن، فیصل آباد یارن مارکیٹ ، ملک کے بڑے چیمبر آف کامرس اور دیگر سٹیک ہولڈر بھی شامل ہونگے۔حکومتی نمائندوں میں وزیر اعظم کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، سیکرٹری کامرس سردار احمد نوازسکھیرا، چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی اور دیگر حکام کریں گے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس و ٹیکسٹائل کے ممبران میںسینیٹر سید شبلی فراز، سینیٹر احمد خان، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر رانا محمود الحسن، سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی، سینیٹر نزہت صادق، سینیٹر اسلام الدین شیخ،سینیٹر محمد طاہر بزنجو، سینیٹر عطا الرحمان، سینیٹر امام الدین شوقین، سینیٹر خوش بخت شجاعت اور سینیٹر گیان چند شامل ہیں۔