تین ہٹی پر واقع غریب ہاکر کے اسٹال پر پی ایس پی کارکن کا قبضہ

174

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تین ہٹی پر واقع غریب ہاکر کے اسٹال پر پی ایس پی کارکن نے قبضہ کرلیا، بیوہ خاتون نے اسٹال سے قبضہ ختم کرانے کے لیے ڈی جی رینجرز سے اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدود تین ہٹی پھول مارکیٹ کے قریب عرصہ دراز سے قائم اخبار کے اسٹال پر خود کو پاک سرزمین پارٹی کا کارکن کہلوانے والے عظیم اور اس کے بھائی نعیم نے غریب ہاکر فیصل کے اسٹال پر قبضہ کرلیا، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق متعلقہ تھانہ پولیس بھی مذکورہ افراد سے ملی ہوئی ہے یہ دونوں بھائی جب چاہتے ہیں متعلقہ تھانے کی پولیس موبائل منگواکر علاقہ مکینوں کو ڈراتے ہیں، تاہم بیوہ خاتون شہناز بیگم کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کا انتقال عرصہ 16 برس قبل ہوچکا ہے جس کے بعد گھر کی ذمے داری میرے بیٹے فیصل پر عائد ہوئی تو وہ اسٹال پر بیٹھنے لگا جس سے گزراوقات ہورہی تھی کہ علاقے کے ہی دو بھائی نعیم اور عظیم جو خود کو پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان ظاہر کرتے ہیں نے اسٹال پر قبضہ کرلیا ہے،لہٰذا میری ڈی جی رینجرز سے اپیل ہے کہ میرے بیٹے کے اسٹال سے قبضہ ختم کرایا جائے۔