پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کاشوکت یوسفزئی کوبرطرف کرنے کامطالبہ

100

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ایم اے وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی کے اس بیان کی پُر زور مذمت کرتی ہے جس میں انہوں نے خیبر پختون خوا میں احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کی تذلیل کی ہے۔ ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد کا مزید کہنا تھا کہ ایک صوبے کے وزیر کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اپنے غصے کا اظہار اس غیر مہذب انداز میں کرے، اس طرح کے بیان دینے کے بجائے انہیں چاہیے کہ وہ مسئلے کے حل کے لیے ڈاکٹروں کے ساتھ بات چیت کریں، پاکستان میں ڈاکٹروں کی وسیع اکثریت انتہائی ایمان داری اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف رہتی ہے۔ ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن وزیر اعظم سے مطالبہ کرتی ہے کہ ڈاکٹروں کے خلاف شوکت یوسفزئی کے غیر شائستہ رویے کی بدولت انہیں فور ی طور پر ان کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔