پیما کاڈائومیڈیکل کالج میں ناخوش گوار واقعے پراظہارتشویش

101

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے وفد نے صدر ڈاکٹر عظیم الدین کی قیادت میں ڈائو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر امجد سراج میمن سے پرنسپل آفس میں ملاقات کی اور یونیورسٹی میں ہونے والے نا خوش گوار واقعے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے ڈائو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر امجد سراج میمن نے انہیں بتایا کہ ایک ادارے کو سیمینار کی اجازت دی گئی تھی، اس دوران ناخوش گوار واقعہ رونما ہوا، جس سے طلبہ، ان کے والدین، یونیورسٹی اسٹاف اور معاشرے کے دیگر طبقات کو ذہنی صدمہ ہوا۔ ڈائو یونیورسٹی کی انتظامیہ نے علم و آگاہی کے لیے سیمینار کی اجازت دی تھی، اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور انتظامیہ کے علم میں لائے بغیر غیر مناسب سرگرمی کی گئی، جس کا کالج انتظامیہ نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔ پروفیسر امجد سراج میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈائو یونیورسٹی علم و آگاہی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، تاہم آئندہ ایسے واقعات کو رونما ہونے سے روکے گی۔ وفد نے ڈائو انتظامیہ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ پروفیسر امجد سراج میمن نے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔