پاکستان نے سری لنکا کیخلاف 2-0سے ون ڈے سیریز جیت لی

118

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-0 سے جیت لی‘عابد علی کو مین آف دی میچ اور بابراعظم کومین آف دی سیریز قراردیاگیا ۔ سری لنکا نے آخری ون ڈے میچ میں فتح کے لیے 298 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان کے بلے بازوں نے 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا‘ 13 کے مجموعے پر آوشکا فرنینڈو صرف4 رنز بنا کر محمد عامر کی وکٹ بنے ۔اسپنر محمد نواز نے اپنے پہلے ہی اوور میں سری لنکن کپتان کی وکٹ حاصل کر لی‘ تھریمانے نے36 رنز کی اننگز کھیلی۔ 3 وکٹیں گرنے کے بعد گونا تھیلاکا کا ساتھ دینے منود بھنوکا آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 74رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی جبکہ اوپننگ بلے بازگوناتھیلاکا 133رنز بنا کر محمد عامرکی دوسری وکٹ بنے ۔ سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے ۔ محمد عامر نے3 اور وہاب ریاضنے 2 وکٹیں لیں۔ پاکستان کی جانب سے بلے باز عابد علی نے فخرزمان کے ساتھ بہترین آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے 123 رنز کی شان دار شراکت قائم کرکے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔عابد علی 74 رنز، بابر اعظم31 رنز، فخر زمان 76 رنز اورکپتان سرفراز 23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔حارث سہیل نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے50 گیندوں پر 56 رنز بنائے اور ٹیم کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا جس کو افتخار احمد نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے حاصل کرلیا۔ پاکستان نے49 ویں اوور کی دوسری گیند پر 299 رنز بنا کر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر انجینئر نعیم الرحمن نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیسرا ون ڈے میچ دیکھا‘ انہوں نے میڈیا باکس کا خصوصی طور پر دورہ کیا اور صحافیوں میں گھل مل گئے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سری لنکن ٹیم کی آمد سے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں اور امید ہے کہ جلد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آکر ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلیں گی‘ کراچی کے شہریوںنے مہمانوں کا جس طرح استقبال کیا ہے وہ خوش آئند ہے۔