زلزلہ زدگان کیلیے بیرونی امداد کا فیصلہ جلد کر ینگے ، فردوس عاشق

95

میرپور(اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں میرپورکے زلزلہ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت پاکستان ،پاک فوج ،این ڈی ایم اے اورسماجی تحفظ کے ادارے ساتھ کھڑے ہیں،ہرسطح پر سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر متاثرین کے لیے کام کرنا پڑے گا،آزمائش ہمیشہ بہادر اور جرات مند لوگوں کو پیش آتی ہے،مقابلہ کرنے والی اقوام آزمائشوں میں ثابت قدمی سے آگے بڑھتی ہیں،حکومت کی جانب سے متاثرین زلزلہ کے لیے معاوضہ ملک کے 22کروڑ عوام کے جذبات اور احساسات ہیں،یہ پہلا مرحلہ ہے مستقبل میں بھی امداد کا عمل جاری رہے گا، میرپور کی صنعت بھی زلزلہ میں متاثر ہوئی ہے، تمام اداروں کے ساتھ مل کرمتاثرین کا مربوط ڈیٹا بینک تیار کیا جارہا ہے، ڈیٹا بینک مکمل ہونے کے بعد بیرون ممالک کی امداد لینے یا نہ لینے کافیصلہ کیا جائے گا ۔ وہ بدھ کو زلزلہ متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں صحافیوں سے گفتگوکر رہی تھیں ۔چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹرثانیہ نشتر،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ،آزادکشمیرکے وزراء، پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری ،آزاد کشمیر کی انتظامیہ کے عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔