پیرس:چاقو بردار شخص کا پولیس ہیڈکوارٹر میں حملہ،4 افراد ہلاک

53

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں چاقو بردارشخص نے پولیس ہیڈکوارٹر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چاقوبردار شخص نے پولیس ہیڈکوارٹر میں پولیس افسران پر حملہ کیاجس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

فرانسیسی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم اس کی حالت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا تعلق پولیس کے انتظامی امور کے اسٹاف سے ہےجبکہ حملے کے محرکات سامنے نہیں آئےتاہم تحقیقات جاری ہیں۔

پیرس کی پولیس نے حملہ آور کے حوالے سےاب تک  کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں،حملہ آور کی عمر 45 برس کے قریب تھی اوروہ 16 سال سے پولیس فورس کے انتظامی عہدے پر فرائض انجام دے رہا تھا۔

خیال رہے کہ یہ حملہ اس وقت ہواجب فرانس بھر میں پولیس اہلکار،افسران کیخلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کیخلاف ہڑتال پر ہیں۔