بلاتفریق انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ، حسین محنتی

775
جیکب آباد: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی منارٹی ونگ کے تحت تقریب سے خطاب کررہے ہیں
جیکب آباد: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی منارٹی ونگ کے تحت تقریب سے خطاب کررہے ہیں

ٹھل(نامہ نگار)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مظلوم انسانیت کی خدمت رضائے الٰہی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، جماعت اسلامی رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ دین اسلام اقلیتوں کی جان و املاک، ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جیکب آباد کے تحصیل مقام ٹھل کے ٹائون ہال میں منعقدہ تقریب میں جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے تحت مستحقین میں کپڑے تقسیم کے دوران کیا۔نائب قیم سندھ عبد الحفیظ بجارانی ، امیر ضلع حاجی دیدار لاشاری ،منارٹی ونگ سندھ کے نگران و سابق ایم پی اے شنکرلعل اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور صحت تعلیم سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت وقت کی ذمے داری ہوتی ہے مگر ہر حکومت میں شامل لوگ صرف اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریعت کا نظام اور خوف خدا رکھنے والی قیادت ہی ملک کے مسائل حل اور اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کوان کے بنیادی حقوق دلا سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کے قیام اور جدوجہد کا مقصد بھی یہی ہے۔ آخر میں اقلیتی برادری کے رہنمائوں نے جماعت اسلامی کا شکریہ اور محمد حسین محنتی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔