چونیاں میں بچوں کا ر یپ ، قتل :عثمان بزدار کا ملزم کی گرفتاری کا د عویٰ

137

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چونیاں میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے،میں دوپہر میں پریس کانفرنس کرنا چاہتا تھا تا ہم پھر کچھ شواہد کی تصدیق کے لیے پریس کانفرنس میں تاخیر کی گئی، اب 200 فیصد تصدیق ہو چکی ہے کہ زیادتی کے بعد4 بچوں کو قتل کرنے کے واقعے میں ایک ہی ملزم ہے ، ایک بچے کی لاش اور3 بچوں کی ہڈیوں سے ڈی این اے کے ذریعے ملزم کو شناخت کیا گیا ہے ، 1649 مشکوک افراد کی جیوفینسنگ کی گئی جبکہ 1543 مشکوک افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے گئے،4 بچوں کے قتل میں ملوث ملزم کا نام سہیل شہزاد ہے،27 سالہ ملزم کے خلاف کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا، کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی، تمام قانو نی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں ،پراسیکیوٹرجنرل کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ خودکیس کی پیروی کریں گے، میں خود ذاتی طور پر کیس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لوں گا، غمزدہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے،چونیاں کو سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک کرنے کا حکم دے دیاہے،چونیاں میںا سپیشل برانچ کی نفری میں اضافہ کیا جا رہا ہے، قصور میں چائلڈ پروٹیکشن سینٹر بنایا جائے گا،آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر قانون سازی کی جائے گی، سوگوار خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، اسے پورا کریں گے ۔