کے الیکٹرک  کی بدترین لوڈشیڈنگ، دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کرگیا

312

کراچی: کے الیکٹرک نے شہر قائد میں  بدترین لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا۔

کے الیکٹرک حکام کے مطابق فنی خرابی کے باعث نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے تا ہم حبکو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو 650 کے مقابلے 400 میگاواٹ تک بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم میں بجلی کی کمی نہیں صرف تکنیکی مسائل کا سامنا ہے،جس کو ٹھیک کرنے کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے  جبکہ لوڈ شیڈنگ سے مستشنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔

عوام کا شکوہ ہے کہ  مختلف علاقوں میں فنی خرابی اور کیبل فالٹ کے نام پر بجلی کی طویل بندش کی جارہی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے کچھ علاقوں کو لوڈ مینجمنٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،  500 کے وی ٹرانسمیشن لائن 29 ستمبر کو متاثر ہوئی تھی جبکہ کے الیکٹرک کو این ٹی ڈی سی سے 250 میگاواٹ کمی کا سامنا ہے، 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کیلئے این ٹی ڈی سی سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک شارٹ فال پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے، بارشوں کے بعد گرمی بڑھنے اور کم ہوا سےسپلائی میں کمی ہوئی، مرمت مکمل ہوتے ہی شہر میں بجلی کی فراہمی معمول پر آجائے گی۔