مائیکل ہولڈنگ، بیری ولکنسن عمیر ثنا پہنچ گئے، تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں سے ملاقات

500
کراچی: ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی مائیکل ہولڈنگ ‘ بیری ولکنسن اور میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمن عمیر ثنا فاؤنڈیشن دورے پر تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں سے ملاقات کررہے ہیں
کراچی: ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی مائیکل ہولڈنگ ‘ بیری ولکنسن اور میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمن عمیر ثنا فاؤنڈیشن دورے پر تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں سے ملاقات کررہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف کرکٹر و کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ، بیری ولکنسن، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے شہباز اسلام نے یاسین آباد میں واقع عمیر ثنا فائونڈیشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا، تحائف تقسیم کیے اور ڈے کیئر میں زیرِ علاج تھیلے سیمیا کے بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی‘ مہمانوں نے ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے عمیر ثنا فائونڈیشن کی کوششوں کو سراہا اور اس کی تعریف کی۔ اس موقع پر عمیر ثنا فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر کاشف انصاری اور سیکرٹری ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے عمیر ثنا فائونڈیشن کی سرگرمیوں کے
حوالے سے مہمانوں کو بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مائیکل ہولڈنگ اور بیری ولکنسن نے کہا کہ یہ بچے ہی ہیں جو صحتمند نسل کو آگے بڑھائیں گے‘ہمیں ان بچوں کا ساتھ دینا ہے‘ ان بچوں کا علاج ہوگا تو ان کے دل سے مایوسی دور ہوگی۔ انہوں نے نوجوان سے اپیل کی کہ وہ خون کا عطیہ دیں اور تھیلے سیمیا کے بچوں کی جان بچائیں۔ عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے کام اور خدمات کو دیکھتے ہوئے بین الاقوامی معیار کے سابق کرکٹرز سمیت شہر کی اہم شخصیات کا فاؤنڈیشن میں آنا اور اس کے کاموں کو سراہنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ فاؤنڈیشن میں انتہائی دلجمعی اور توجہ کے ساتھ خون کے امراض میں مبتلا بچوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے‘ تقریباً 10 سال قبل 2009 ء میں سری لنکا کی ٹیم کراچی کھیلنے آئی تھی اور آج ایک بار پھر سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کراچی میں موجود ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ۔