زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلیے آزاد کشمیر کو وسائل فراہم کیے جائیں، سراج الحق

274
میرپورآزاد کشمیر: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق زلزلے میں جاں بحق افراد کیلیے دعائے مغفرت کررہے ہیں
میرپورآزاد کشمیر: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق زلزلے میں جاں بحق افراد کیلیے دعائے مغفرت کررہے ہیں

 

میر پور( نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان متاثرین زلزلہ کی امداد کے لیے آزاد کشمیر حکومت کو وسائل فراہم کرے ،آزاد کشمیر حکومت کو وافر وسائل فراہم کیے جائیں تا کہ متاثرین اور انفرااسٹرکچرکی بحالی کے لیے بااختیار ہو ۔ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین زلزلہ کی مدد کے لیے بھرپور تعاون کریں۔آزمائش کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی اور اس کے ادارے پہلے دن سے ہی متاثرین کی خدمت
کررہے ہیں۔ ہم متاثرین کی بحالی تک شانہ بشانہ ان کے ساتھ رہیں گے ، اسلامی ممالک کی این جی اوز اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے دل کھول کر امداد کریں ،مقبوضہ کشمیر میں80لاکھ کشمیری کھلی جیل میں محصور مشکلات کا شکار ہیں جبکہ میرپور میں زلزلہ بڑی آزمائش ہے ،پوری قوم مل کر ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالا ت کااظہار انہوں نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر اجتماعات سے خطاب اور شہدا کے ورثا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم،کنوینر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی،جے آئی یوتھ آزادکشمیر کے صدر نثار احمد شائق و دیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں اہل میرپور نے ہمیشہ دل کھول کر مظلوموں کی مدد کی آج ان کے ساتھ مدد کرنے کا وقت ہے ،اہل پاکستان دل کھول کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارت کی 15لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کے پہاڑ توڑرہی ہیں، 80لاکھ کشمیریوں کو 57دن سے محصور کیا ہوا ہے مقبوضہ کشمیر میں بڑا انسانی المیہ رونما ہونے سے قبل عالمی برادری کشمیریوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے اپنا کردار اداکرے ۔انہوں نے کہاکہ محض تقریر سے مسئلہ حل نہیں ہوتا حکومت پاکستان کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے ،پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، کشمیریوں کے لیے خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحے تک لڑنے کے لیے تیار ہیں ۔سراج الحق نے کہا کہ عالمی برادری سرد مہری توڑے اور مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہو کر ظالم کو ظلم سے روکے ۔اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی پشتیبانی کی ہے زلزلہ ،سیلاب یا کوئی اور مصیبت کی گھڑی ہو ہمیشہ جماعت اسلامی پاکستان نے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کو کشمیریوں کی پشت پر لاکھڑا کیا جس پر ہم اپنے قائدین کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں جماعت اسلامی پاکستان نے او ل روز سے بھرپور پشتیبانی کا حق ادا کیا ،مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام 57دن سے محصور ہیں جب تک حکومت پاکستان عملی اقدامات نہیں اٹھاتی اس وقت تک عالمی برادری توجہ نہیںدے گی۔ حکومت بین الاقوامی سطح پر سفارتی مہم تیز کرے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی متاثرین کے لیے ہر ممکن امداد کرے گی ،جماعت اسلامی کے ادارے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، متاثرین کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی ۔