کشمیر کا روڈ میپ نہ بنایا تو تقریر ہوا میں تحلیل ہوجائیگی،لیاقت بلوچ

260
لاہور: ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد پاکستان کی ذمے داری پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔وزیراعظم کا خطاب اچھااور ہمہ پہلو تھا ۔ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں درندگی میں اضافہ کردیاہے اب ناگزیر ہے کہ قومی اتفاق رائے سے مسئلہ کشمیر کے حل ، نریندر مودی کی درندگی اور سفارتی محاذ پر جدوجہد کے لیے پالیسی اور روڈ میپ بنایا جائے وگرنہ اچھی تقریر بہت جلد ہوا میں تحلیل ہو جائے گی اور انتخابات کے بعد پی ٹی آئی حکومت نے جو حشر عوام کا کیا ہے وہی
صورتحال پیدا ہو جائے گی۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان عالمی فورم پر اسلام کی ترجمانی اور مغربی دنیا میں اسلام فوبیا کی نشاندہی کر رہے ہیں ۔اب وقت آگیاہے کہ پاکستان میں ریاست مدینہ کی طرز کا نظام نافذ کر کے دنیا کو مثالی اسلامی ریاست کا ماڈل دکھایا جائے ۔پاکستان کے آئین اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل کردیا جائے تو پاکستان مثالی، اسلامی و فلاحی ریاست بن جائے گا ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے چمن بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی اور جمعیت علما اسلام کے رہنما مولانا محمد حنیف اور دیگر افرادکو نشانہ بنانے پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے ہر واقعے کے پیچھے مودی ہے ۔