اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان سے پہلی بار امت مسلمہ کو عمران خان کی صورت میں لیڈر شپ میسر آئی ہے‘ پوری مسلم امہ آج ان کی طرف دیکھ رہی ہے‘وزیراعظم نے واضح کیا کہ فلسطین کے مسئلے کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے‘ آزادی مارچ والوں کو وزیراعظم کے ہاتھ چومنے چاہئیں‘ 2023ء تک کھربوں روپے کے قرضے ایس ایم ایزکے ذریعے مستحق افراد کو دیے جائیں گے‘ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا‘ ملک کی 52 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اورمعاشی ترقی کے لیے انہیں کردار ادا کرنا ہوگا‘ حکومت خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ ہفتے کو سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر لاکھوں ڈالر تنخواہ چھوڑ کر اپنی دھرتی کی خدمت کرنے پاکستان آئے انہیں ہم سب خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوموں کے حوالے سے عالمی ضمیرکو جھنجوڑنے کی کوشش کی‘ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے وزیراعظم نے اسلام کا حقیقی چہرہ پیش کیا‘ اس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 80 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کے513 ارب کے قرضے دیے جا رہے ہیں‘ ٹیکس دہندگان کا پیسہ بچانے کے لیے حکومت نے کفایت شعاری پرعمل کیا جس سے 37 فیصد بجٹ کی بچت ہوئی‘ ماضی میں اپنی اولاوں کے لیے حکمرانوں نے گدھ بن کر ملک کو لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ 7 خصوصی اکنامک زون بنائے جا رہے ہیں‘ صنعت لگانے والوں کو پہلی بار پلانٹ یا مشینری درآمد کرنے پر زیرو ڈیوٹی ہوگی‘ انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنے کے لیے آن لائن آٹومیشن کا سسٹم متعارف کرائیں گے‘ اس سے خواتین کو دفاتر کے دھکے کھانے سے نجات ملے گی جبکہ خواتین کو دیے جانے والے قرضوں پر شرح سود 6 فیصد جبکہ مردوں کے لیے یہ 7 فیصد ہوگی‘ جلد سیالکوٹ میں ویمن چیمبر و کامرس انڈسٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
فردوس عاشق اعوان