پی پی میں اتنا دم ہے کہ حکومت کو ہلا کر رکھ دے،مولا بخش چانڈیو

146
حیدرآباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے ہیں
حیدرآباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت کو جھٹکا دینا نہیں چاہتے ورنہ پیپلزپارٹی اور اپوزیشن میں اتنا دم ہے کہ حکومت کو ہلاکر رکھ سکتے ہیں۔ کشمیر کا سودا کرچکے صرف عوام کو بیوقوف بنایاجارہا ہے ‘سیاسی کامیابی سیاسی سوچ پر آتی ہے سوشل میڈیا سے نہیں ‘محنت کرکے عوام کی طاقت سے آتے تو آج بغلیں نہ بجاتے ۔وہ حیدر آباد پریس کلب میں پیپلزپارٹی سوشل میڈیا ممبر شپ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ضلعی صدر صغیر قریشی، پاشا قاضی، اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اور اپوزیشن میں اتنا دم ہے کہ حکومت کو ہلاکر رکھ سکتے ہیں لیکن ہم جمہوریت کو جھٹکا دینے کے حامی نہیں ہیں ۔ کیونکہ جمہوریت کیلیے ہمیں ہی قربانیاں دینا ہوتی ہے کوئی پارٹی جمہوریت کیلیے قربانی نہیں دیتی ، جمہوریت کیلیے جیلیں کاٹنی پڑتی ہے اور جانیں دینی پڑتی ہے، کوڑے کھانے پڑتے ہیں ، جمہوریت کیلیے نوجوانوں کو جیلوں میں اپنی جوانیاں گزارنی پڑتی ہے جو ہمارے نوجوان گزار چکے ہیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ اگر وزیراعظم یہ کہیں کہ القاعدہ اورطالبان ہمارے ہیں تو پھر ہندوستان کے سارے الزامات درست ثابت ہوجائیں گے، ان امکانات سے کیسے جان چھڑاؤ گے۔ آپ کے ذہن میں کوئی کشمیر نہیں آپ کے پاس کشمیر کی کوئی بات ہے ہی نہیں ، کشمیر کا آپ سودا کرچکے ہیں۔صرف پاکستان کے عوام کو بیوقوف بنانا چاہتے ہیں۔ یہ بات پاکستان کا بچہ بچہ سمجھتا ہے کہ پورا سال ہم طالبان اور القاعدہ سے جان چھڑانے میں لگے ہوئے تھے ان کی وجہ سے ہمیں کتنی مشکلات دیکھنی پڑی۔ القاعدہ اور طالبان کی وجہ سے پاکستان کے ہزاروں لوگوں نے جانیں قربان کی ہیں، آپ مرغیاں پالو ، ہماری جان چھوڑو ، لوگوں کی مشکلات ختم کراؤ ، ملک میں مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت کو ہلاکر رکھ دیں گے لیکن جمہوریت کا جھٹکا برداشت نہیں کرسکتے۔ اقتدار چلانا ہے تو طریقے سے چلائیں ۔ امریکا کا صدر جس انداز سے آپ سے بات کرتا ہے اور جس انداز سے مودی سے بات کرتا ہے ہمیں شرم آتی ہے ، مودی اس انداز سے نہیں جھکتا جس انداز سے آپ مرے جارہے ہیں۔
مولا بخش چانڈیو