سندھ حکومت کو کاٹھورتا کے پی ٹی فلائی اوور ملیر ایکسپریس وے تعمیر کرنیکافیصلہ

227
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ این آئی سی وی ڈی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ این آئی سی وی ڈی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

کرا چی(نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت اجلا س میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کاٹھور سے لے کر جام صادق پل نزد کے پی ٹی فلائی اوور تک 38.75 کلو میٹر طویل ملیر ایکسپریس وے تعمیر کیا جائے گا۔اجلاس میں وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ،سندھ کے سیکرٹری بلدیات روشن شیخ،سیکرٹری توانائی مصدق احمد خان،مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان، محکمہ خزانہ سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ کے سربراہ خالد شیخ و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملیر ایکسپریس وے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کراچی کے لیے ملیر ندی کے ساتھ ساتھ ایک نئی شاہراہ ملیر ایکسپریس وے کے نام سے تعمیر کیے جانے کے لیے پروجیکٹ پر بڈنگ کا عمل اگلے ماہ اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 38.75 کلومیٹر طویل ملیر ایکسپریس وے ملیر میں کاٹھور کے مقام سے شروع ہوکر ملیر ندی کے
ساتھ ساتھ چلتی ہوئی جام صادق پل نزد کے پی ٹی فلائی اوور تک جائے گی۔ملیر ایکسپریس وے 3 رویہ ہوگی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے کراچی بندرگاہ اور کراچی صنعتی علاقے کے ٹریفک اور ملحقہ ٹریفک کو شہر کی مرکزی شاہراہوں سے منسلک کرتی ہوئی سپر ہائی وے پر ایم نائن سے مربوط ہوجائے گی اور اس سڑک کے ذریعے کے پی ٹی فلائی اوور سے سپر ہائی وے ایم نائن تک کا فاصلہ تقریباً 25 منٹ میں طے کیا جاسکے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے کراچی کو ٹریفک کے بہتر انفرا اسٹرکچر کی فراہمی کے لیے محکمہ بلدیات حکومت سندھ کا ایک اہم منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ سرکاری نجی شراکت داری( پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) کے تحت مکمل کیا جائے گا جس کے لیے بڈنگ کا عمل جاری ہے۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح کے اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر کارروائی کو جلد از جلد مکمل کرکے منصوبے پر کام شروع کیا جائے۔ اجلاس میں کراچی کے کچرے سے مجوزہ 50 میگا واٹ بجلی بنانے کے منصوبے پر بھی کام کو آگے بڑھانے کی ہدایات دی گئیں۔
وزیر بلدیات