بارش کے باعث پاک سری لنکا پہلا میچ منسوخ، اتوار کا میچ ملتوی پیر کو ہوگا

422
کراچی : پاکستان اورسری لنکا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے سلسلے میں شائقین اسٹیڈیم میں قومی اورمہمان ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہیں ،دوسری طرف شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم سے باہر گیٹ داخلے کے منتظر نظرآرہے ہیں ،آخری تصویر میں شائقین سری لنکن ٹیم کی سپورٹ میں مہمان ٹیم کی ٹی شرٹ زیب تن کیے کھڑے ہیں
کراچی : پاکستان اورسری لنکا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے سلسلے میں شائقین اسٹیڈیم میں قومی اورمہمان ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہیں ،دوسری طرف شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم سے باہر گیٹ داخلے کے منتظر نظرآرہے ہیں ،آخری تصویر میں شائقین سری لنکن ٹیم کی سپورٹ میں مہمان ٹیم کی ٹی شرٹ زیب تن کیے کھڑے ہیں

 

کراچی(سید وزیر علی قادری)روشنیوں کے شہر کراچی میں 10سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل کی راہ میں بارش رکاوٹ بن گئی۔ کراچی میں تیز ہواں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ منسوخ ہوگیا،تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا تھا، میچ کا ٹاس ڈھائی بجے ہونا تھا جو شہر میں بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا اور بعد ازاں گرائونڈ میں پانی بہت زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے پہلا ایک روزہ میچ منسوخ کردیا گیا ۔شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس کے سبب نیشنل اسٹیڈیم میں بہت زیادہ پانی جمع ہوگیا تھا اور گرائونڈ عملہ یہ پانی نکالنے میں ناکام رہا۔ پہلے کہا جارہا تھا کہ میچ 20اوورز تک محدود کردیا جائے گا تاہم بعد میں میچ نہ ہونے کی تصدیق کردی گئی ۔کراچی میں تیز بارش کے سبب نیشنل اسٹیڈیم کا داخلی راستہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا

کراچی اسٹیڈیم میں قومی کھلاڑی بارش کے باعث گرائونڈ سے باہر جاتے ہوئے
کراچی اسٹیڈیم میں قومی کھلاڑی بارش کے باعث گرائونڈ سے باہر جاتے ہوئے

اور آوٹ فیلڈ میں بھی پانی جمع ہے۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں موجود ہیں جبکہ مسلسل بارش کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کے میڈیا باکس کی چھت ٹپکنے لگی۔دوسری جانب پہلے میچ کے لیے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ 5ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ بارش کے باعث پہلا ون ڈے منسوخ ہونے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا اور اب دونوں ٹیمیں اتوار کے بجائے پیر کو مدمقابل ہوں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)اعلامیے کے مطابق میچ کے شیڈول میں نظر ثانی کا فیصلہ پی سی بی اور سری لنکا کرکٹ بورڈ کی باہمی مشاورت کے بعد مزید بارش کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسرے ون ڈے کی تاریخ تبدیل کردی، دوسرا ون ڈے اب اتور کی بجائے 30 ستمبر بروز پیر کو ہوگا۔جمعہ سمیت رواں ہفتے ہونے والی بارش کے بعد سازگار آٹ فیلڈ کی فراہمی کے لیے گرائونڈ اسٹاف کو دو روز درکار ہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ مزید بارشوں کے امکان اور گرائونڈ کی صورتحال کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا، پی سی بی کا کہنا ہے کہ جمعہ کے میچ کی ٹکٹ آئندہ میچز کے لیے کار آمد ہوں گی ۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے کہا کہ رواں ہفتے غیرمتوقع بارشوں نے ہمیں سیریز کے شیڈول میں نظرثانی پر مجبور کیا ہے۔شائقین کرکٹ اتوار کے لیے خریدی گئی ٹکٹوں کو پیر کے میچ میں استعمال کرسکتے ہیں۔ ری فنڈ پالیسی کے تحت شائقین کرکٹ کو جمعہ کے میچ کے لیے خریدی گئی ٹکٹوں کے پیسے واپس کردیے جائیں گے۔ذاکر خان نے مزید کہا کہ جو مداح اتوار کے لیے خریدی گئے میچ کو پیر کے روز دیکھنے کا خواہشمند نہیں وہ بھی ٹکٹ ری فنڈ کرواسکتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا تھا، میچ کا ٹاس ڈھائی بجے ہونا تھا جو شہر میں بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا اور بعد ازاں گرائونڈ میں پانی بہت زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے پہلا ایک روزہ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔