پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں آپریشنل مشق، میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

194
کراچی : امیر البحرظفرمحمود عباسی مشق رباط 2019ء کی مشقوں کا جائزہ لے رہے ہیں‘ جبکہ بحری جہاز سے فائر کیا گیا میزائل ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے
کراچی : امیر البحرظفرمحمود عباسی مشق رباط 2019ء کی مشقوں کا جائزہ لے رہے ہیں‘ جبکہ بحری جہاز سے فائر کیا گیا میزائل ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نیوی کی آپریشنل مشق رباط 2019 ء جاری ، پاک بحریہ کے جنگی بیڑے کی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو مزیدبڑھانے کے لیے مشق کے دوران بحری جنگی جہاز اور ائر کرافٹ سے میزائلوں کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا جو پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں پر مہرِتصدیق ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس مشق کے انعقاد کا مقصد مختلف آپریشنل منصوبوں اور جنگی چالوں کو جانچنا ہے جن میں پاکستان نیوی کی تمام فیلڈ
کمانڈز اور پاکستان ائر فورس کے مشترکہ آپریشنز بھی شامل ہیں۔ رباط مشق کے دوران پاکستان نیوی اور پاکستان ائر فورس کی یونٹس کٹھن سمندری اور بحری جنگی ماحول میں مختلف میری ٹائم آپریشنز میں حصہ لے رہی ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ پاک میرینز اور اسپیشل آپریشن فورسز کی ساحلی دفاع، فضائی دفاع، میری ٹائم امتناعی آپریشن جیسے اسپیشل آپریشنز کی مشقیں بھی جاری ہیں ۔ مشق رباط زمانہ امن و جنگ میں پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کے بحری دفاع اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لییپاکستان نیوی کی تیاریوں کے اعلیٰ معیار اور جنگی صلاحیتوں کے عزم کا ثبوت ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نیوی پاک وطن کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔وہ جمعہ کوپاک بحریہ کی جاری جنگی مشق رباط جاری کے جائزہ کے بعد شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔