پاک امریکا تعلقات تاریخ کی بہترین سطح پر ہیں،عمران خان

112
نیویارک،وزیراعظم عمران خان سے بل گیٹس کی سربراہی میں وفد ملاقات کررہاہے
نیویارک،وزیراعظم عمران خان سے بل گیٹس کی سربراہی میں وفد ملاقات کررہاہے

نیویارک(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات تاریخ کی بہترین سطح پر ہیں۔ان کے بقول دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ماضی کے برعکس حقیقت اور اعتماد پر مبنی ہیں، ماضی میں بداعتمادی اور شکوک و شبہات تھے، دونوں ممالک اِس وقت امن کے شراکت دار ہیں اور اِسی بنیاد پر تعلقات ہونے بھی چاہییں۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے نیویارک میں امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ایم ایس این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ امریکا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اوربھارت پر بھی اس کا اچھا اثرورسوخ ہے،صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر حل کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی ممالک کے درمیان صورتحال فوجی کشیدگی کی جانب جانے سے پہلے اسے روکنا ضروری ہے، اس لیے ہم امریکی مداخلت چاہتےہیں، امریکا میں دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھانے کے لیے آیا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے بھی اپنا کردار ادا کر سکتا ہے جس میں کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کے لیے 11 قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ درحقیقت دنیا بھارت کو ڈیڑھ ارب آبادی کی مارکیٹ کے طور پر دیکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں یہ اقدام اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ثالثی اور افغان مسئلے میں مدد کے لیے کہا ہے، پاکستان انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، کوئی صاحب عقل انسان ایٹمی ہتھیار استعمال نہیں کر سکتا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ افراد کو بھارت نے یرغمال بنایا ہوا ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھائے جانے کے بعد قتل وغارت کا خدشہ ہے۔افغان جنگ کے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ برطانیہ اور روس سمیت کوئی بھی طاقت افغانوں کو شکست نہیں دے سکی اور اس معاملے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں امریکی ہوتا تو پوچھتا کہ 1.5کھرب ڈالر پھونک کر افغان جنگ سے کیا حاصل کیا؟ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان جہاد کے بعد پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا گیااور امریکا نے پابندیاں عاید کردیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ملائشین اور نارویجن ہم منصب ‘ انڈونیشین نائب صدر‘ روسی وزیرخارجہ ‘ بل گیٹس، ہیومن رائٹس واچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور نیویارک ٹائمزکے ایڈیٹرسے ملاقاتیں بھی کیں جب کہ امریکی ٹی وی کو انٹرویو،وال اسٹریٹ جرنل کے بورڈ سے بھی گفتگوجن میں مسئلہ کشمیر اور بھارتی جارحیت کا معاملہ سرفہرست رہا۔
عمران خان