کے ایم ڈی سی کے طلباو طالبات کا مستقبل داؤ پرلگ گیا

849

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام چلنے والے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج(کے ایم ڈی سی ) نے طلبہ و طالبات کے مستقبل سے کھلواڑ شروع کر دیا۔امتحانی سال کے دوران ہی کالج نے اچانک فیسوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے جس سے طلبا کا مستقبل داؤ پرلگ گیا۔

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی انتظامیہ نے طالب علموں کی فیسوں میں50فیصد تک غیرقانونی اور ظالمانہ اضافہ کردیا ہے جس کے باعث طلبا میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور وہ ذہنی دباؤ کاشکار ہیں، ادارے میں اس وقت 1500 سے زیادہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

سال 2018-19کی داخلہ پالیسی کے مطابق اوپن میرٹ طلبا کی ٹیوشن فیس 32000 روپے سالانہ جبکہ سیلف فنانس کے طلباکی ٹیوشن فیس4لاکھ روپے سالانہ ہے مگر رواں سال 18 مئی کو بورڈ آف گورنرکراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے اجلاس کے بعد فیسوں میں 50 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے جس کے مطابق اوپن میرٹ طلباکی ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے سالانہ جبکہ سیلف فنانس کے طلباکی ٹیوشن فیس 6 لاکھ روپے سالانہ کردی گئی ہے۔

طلبا کا موقف ہے کہ یہ اضافہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی اپنی فیس پالیسی کے خلاف ہے، اس اضافے سے سیکڑوں طلبہ و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیاہے۔