بارش کے بعد سے شہر قائد کا نظام درہم بر ہم ہو گیا ہے،

772

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا،بارش کے بعد سے شہر کا نظام درہم بر ہم ہو گیا ہے،شہر کی شاہراہیں اور سڑکیں تالا ب بن گئیں، سڑکوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے سے شہری پریشان ہوگئے، بلدیہ عظمیٰ، ضلعی بلدیاتی اداروں، واٹر بورڈ، سولڈ ویسٹ بورڈ کے افسران اور عملہ سڑکوں سے غائب رہا،

تفصیلات کے مطابق کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے کئی گھنٹے قبل پیش گوئی کی تھی کہ کر اچی میں ہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے، بلدیاتی اداروں کی جانب سے کسی قسم کے پیشگی انتظامات نہ کیے جانے سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔ پیر کی سہہ پہر سے بارش وقفے وقفے سے جاری ہیں جس کی وجہ سے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہوگیا ہے،شاہر اہ فیصل کے مختلف مقامات جن میں ناتھاخان، نیپا چورنگی،یونیو رسٹی روڈ، کارساز، ایف ٹی سی، سمیت کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا، نیشنل اسٹیڈیم، حسن اسکوا ئر، لیاقت آباد، دس نمبر، ڈاک خانہ، لیاری ایکسپریس وے، نا گن چورنگی، دو منٹ چورنگی، اولڈ سٹی ایریا، صدر، ایم جنا ح روڈ، کو رنگی ایکسپریس وے،کو رنگی کراسنگ، گلشن اقبال کی سڑکوں پر برساتی پانی کھڑا رہا، ڈرگ روڈ، لیاقت آباد، ناظم آباد، کلفٹن، غریب آباد انڈرپاسز میں برساتی پانی جمع ہوگیا،

شہر کے مضافاتی اور نشیبی علاقوں میں بارش کے بعد صورتحال زیادہ خراب رہی ہے، مسلسل 3 روز سے سہہ پہر کو بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوجاتا ہے۔پیر اور منگل کی طرح بدھ کے روز بھی صبح سے ہی موسم انتہائی گرم تھا، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے اور سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث شدید حبس کی کیفیت تھی تاہم دوپہر کو سیاہ بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،تیز آندھی کے بعد موسلادھار بارش نے موسم کو قدرے خوشگوار کردیا ہے،بلدیہ عظمی کراچی،بلد یہ عالیہ جنوبی، شرقی، وسطی، غربی، وسطی، کورنگی، ملیر،سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے افسران کی جانب سے برساتی پانی کی نکا سی کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے ہیں، نئی تعمیر ہونے والی شاہراہیں اور سڑکیں بھی برساتی پانی کی وجہ سے دھنس گئیں سڑکوں پر گڑھے پڑنے سے گا ڑیاں پھنس گئیں،

شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں دھنسنے سے کئی گا ڑیاں پھنس گئی بارش کے بعد سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مسلسل تیسرے روز بھی دن بھر کی شدید گرمی اور حبس کے بعد دوپہر کو تیز آندھی کے بعد موسلا دھا بارش ہوئی ہے، بارش کے بعد شاہراہوں اور سڑکوں پر موجود پانی کی وجہ سے سیکڑوں گا ڑیاں خراب ہوگئیں جنھیں شہریوں نے دھکے لگاکر اسٹارٹ کیا،جبکہ تین روز کی بارش نے نیو سبزی منڈی کا براحال کردیا ہے،جگہ جگہ گندے پانی کے تالاب بن گئے،کیچڑ اور گند دگی نے خریداروں کا برا حال کردیا ہے،سبزی سیکشن زیادہ تباہ حالی کا منظر پیش کر رہی ہے،

نیو سبزی منڈی کی سڑک گندے پانی کے تالاب تبدیل ہو گیا ہے جبکہ ہیوی گاڑیوں کی آمد ورفت سے سڑک پر ایک ایک فٹ تک کیچڑ جمع ہوگیا ہے جس میں چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکل کا جانا نہائت مشکل ہو گیا جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے نمائشی دورہ ضرور کیا لیکن عملی اقدامات کہی نظر نہیں آئے،

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے ہواکے کم دباؤسے طوفان ہیکا کے اثرات کی وجہ سے شہرمیں دومختلف قسم کے موسم اثرانداز ہورہے ہیں،چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ 26سے 30ستمبر کے درمیان شہر میں ایک بار پھر معتدل اور قدرے تیز بارشوں کا امکان موجود ہے، ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔