زلزلہ سے متعلق بیان: شیریں مزاری اور فردوس عاشق آمنے سامنے

1001

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے زلزلے سے متعلق متنازع بیان پر معافی مانگتے ہوئے بیان کو غیرسنجیدہ قرار دے دیا۔

شیریں مزاری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ فردوس عاشق اعوان کے طنزیہ لہجے سے صدمے اور تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہوں۔ زلزلے سے متعلق معاون خصوصی کا تبصرہ غیر سنجیدہ ہے تاہم حکومت کا اس بیان سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی تکلیف کو کبھی الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ معاون خصوصی نے آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں زلزلے سے متعلق اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ (زلزلہ) تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین بھی کروٹ لے رہی ہے۔ اس کو بھی تبدیلی قبول نہیں ہے۔ ان کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور کئی صارفین نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: ”زلزلہ تبدیلی کی نشانی ہے ورکشاپ کی وجہ سے زمین ہل گئی“

جبکہ دوسری جانب فردوس عاشق اعوان اپنے متنازع بیان کا دفاع کررہی ہیں۔

فردوس عاشق بیان کے دفاع میں کہا ہے کہ میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سوشل میڈیا پر وائر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں پر کیچڑ اچھالنے، بیان بازی اور بہتان تراشی کے بجائے متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔