قائد اعظم ٹرافی کادوسرا مرحلہ مکمل،سندھ اورکے پی کے کا میچ بے نتیجہ

345
کراچی / ڈیرہ بگٹی: قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے چوتھے اورآخری روز کھیلے گئے میچز کی تصویری جھلکیاں
کراچی / ڈیرہ بگٹی: قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے چوتھے اورآخری روز کھیلے گئے میچز کی تصویری جھلکیاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر )بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلا گیاقائداعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کامیچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔فالو آن کا شکار سدرن پنجاب نے میزبان بلوچستان کو جیت کے لیے 26 اوورز میں 190 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ کھیل کے اختتام پر بلوچستان نے 11 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 42 رنز ہی بناسکی۔اس سے قبل مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 60 رنز کے خسارے سے دن کا آغاز کیا تو عمر صدیق 26 اور عمران رفیق 16 رنز بنا کر کریز پر موجودتھے۔ 132 رنز کے مجموعی اسکور سے کھیل کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی چوتھی وکٹ 161 رنز پر گری جبکہ مہمان ٹیم کی پانچویں وکٹ اسکور کارڈ پر صرف 37 رنز کا ہی اضافہ کرسکی جس کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل اور عامر یامین کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عدنان اکمل 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ا ن کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔عامر یامین 61 رنز بنا کر سدرن پنجاب کی جانب سے دوسرے نمایاں بیٹسمین تھے۔ 64 گیندوں کا سامنا کرنے والے آلراؤنڈر کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 381 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بلوچستان کی جانب سے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے یاسر شاہ نے مجموعی طور پر میچ میں 8 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بلوچستان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 42رنز بنائے تھے کہ کھیل کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ میچ کے اختتام پر عمران رفیق 29 اور عظیم گھمن 9رنز بنا کرناقابل شکست رہے۔اس سے قبل عظیم گھمن اور کپتان عمران فرحت کی سنچریوں کی بدولت بلوچستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 500 رنز بنا کراپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ جواب میں308 رنز پر ڈھیر ہونے والی سدرن پنجاب پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔ادھریو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا گیا 4 روزہ میچ بارش کی نظر ہوگیا۔ تیسرے اور چوتھے روز موسم کی خرابی کے باعث میچ بے نتیجہ رہا۔ میچ کے آخری روزی سندھ کے پہلی اننگز میں 476 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا نے8 وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔دوسری اننگز میں سندھ نے 1 وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔اس سے قبل خیبرپختونخوا کی جانب سے کریز پر موجود ذوہیب خان اور عمر خان نے 296 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے چوتھے روز کھیل کے آغاز کیا۔ زوہیب خان نے بیٹنگ میں جلد بازی کرنے کی بجائے وکٹ پر ٹھہرنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے 244 گیندوں پر 110 رنز بنائے۔ 322 منٹ کریز پر موجود رہنے والے زوہیب خان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔خیبرپختونخوا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔سندھ کی جانب سیکاشف بھٹی نے 4 اور تابش خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سندھ کی جانب سے پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے عمیر بن یوسف نے خرم منظور کے ہمراہ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو خرم منظور 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد عمیر بن یوسف اور سعد علی کے درمیان شراکت قائم ہوئی۔سعد علی 40 جبکہ عمیر بن یوسف 34 کے انفرادی اسکور پر موجود تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔ میچ آفیشلز نے دونوں کپتانوں کی رضامندی سے خراب موسم کے باعث میچ کو بے نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ دوسرے راؤنڈ کے اختتام پر سنٹرل پنجاب کی ٹیم 35 پوائنٹس کے ساتھ پہلیجبکہ خیبرپختونخوا کی ٹیم 23 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔سدرن پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں 20،20 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسری، چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ 2 میچز میں 11 پوائنٹس حاصل کرنے والی ناردرن کرکٹ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہے۔