رکن اسمبلی عبدالرشیدکلین کراچی مہم کیلیے میدان میں نکل پڑے

391
کراچی: لیاری سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید صفائی مہم کے سلسلے میں علاقے کا دورہ کررہے ہیں
کراچی: لیاری سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید صفائی مہم کے سلسلے میں علاقے کا دورہ کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رکن سندھ اسمبلی و امیر جماعت اسلامی کراچی جنوبی سید عبدالرشید وزیر اعلیٰ سندھ کی کلین کراچی مہم کے سلسلے میں بھر پور تعاون کرنے کے لیے خود میدان میں نکل آئے،اسسٹنٹ کمشنر لیاری،ہیلتھ آفیسرز اور ایکسین سیوریج عبدالرحیم پلیجو سمیت دیگر افسران کے ساتھ اہم ملاقات کی۔عبدالرشید کاکہنا تھا کہ اب اس مہم میں مسائل کے حل کے لیے عوام کے سامنے جوابدہ سندھ حکومت کے محکمے ہوںگے، مہم کی ٹرانسپیرنسی قائم رکھنا سرکاری محکموں کے افسران کی ذمے داری ہے، لیاری کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے اس کا ازالہ حکومت کو کرنا ہوگا، لیاری میں سوئپرز کی تعداد لسٹ کے حساب سے نہیں اس پر بات کروںگا جو کاغذ پر ہے وہ عملی میدان میں نظر آنی چاہیے ۔ ملاقات میںعبدالرشیدنے لیاری میں صفائی مہم کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کی ہدایت اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اس مہم میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں گے اور لیاری کو صاف ستھرا زون بنائیں گے۔انہوں نے اہلیان لیاری سے بھی اپیل کی کہ اپنے علاقوں کوصاف رکھنے میں کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اس مہم میں تمام سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق حصہ ملانا چاہیے کیونکہ اس پر عوامی ٹیکس کی رقم خرچ ہو رہی ہے یہ کسی سیاسی جماعت کی نہیں سرکار کی مہم ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دوران مہم ہر یونین کمیٹی میں جائیں گے، اس مہم کی نگرانی کریں گے، شہریوں کو آگاہی فراہم کریں گے،لیاری کی تعمیر و ترقی کے لیے جو کردار ادا کرنا پڑا ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے سی لیاری کریم میمن کا کردار مسائل حل کرنے میں مثالی ہے اور ہیلتھ انسپکٹر محمد علی بلوچ اور ایکسی این سیوریج کے اقدامات بھی ماضی کے مقابلے میںبہتر ہیں۔