عام آدمی کی زندگی تبدیل ہوگی ڈیڑھ کروڑ افراد کو صحت کارڈ دیں گے،فردوس عاشق

220

اسلام آباد/ سیالکوٹ (آن لائن+صباح نیوز) وفاقی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آئندہ2 سال میں ڈیڑھ کروڑ افراد کو صحت کارڈ دیں گے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انصاف صحت کارڈ سے ایک کروڑ 5 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے، صحت کارڈ سے سرکاری اسپتالوں میں 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کاعلاج مفت کیا جائیگا۔ عمران خان عام آدمی کی زندگی تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ احساس پروگرام کا مقصد غریبوں کو معاشی ترقی کا حصہ بنانا اورعدم مساوات کا خاتمہ ہے۔ علاوہ ازیں اتوار کو سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج پیلٹ گنوں سے کشمیریوں کی بینائی چھین رہی ہیں ہم بھارتی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بھارت کنٹرول لائن پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر کا مقدمہ پیش کریں گے، وہ 22 کروڑ عوام کے لیے سوچتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن 22 نمبر بنگلے کے لیے بے چین ہیں۔چوروں کا ٹولہ چندہ لے کر مارچ کی تیاری کررہا ہے۔پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک سال کے قلیل کے عرصے میں ملکی معیشت کو مستحکم کیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ جیبیں بھرنے کے بجائے ملکی خزانہ بھرا جارہا ہے۔ وزیراعظم عوام کی سوچ بدلنے کا وژن رکھتے ہیں، وہ ملک کو فرسودہ نظام سے نجات دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ ایک سال کے اندر ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں 6 لاکھ کا اضافہ ہوا۔ بجٹ خسارے میں بھی نمایاں کمی لائے ہیں۔