فضل الرحمٰن کی لاک ڈائون کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،شیخ رشید

349
بھمبر: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید جلسے سے خطاب کر رہے ہیں
بھمبر: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید جلسے سے خطاب کر رہے ہیں

راولپنڈی/ بھمبر (صباح نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے لاک ڈائون کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی، مدارس کے طلبہ کو نہ ورغلایا جائے، ملک نازک ترین دور سے گزر رہا، امید ہے ن لیگ اور پی پی مولاناکا ساتھ نہیں دیں گی۔ان کا کہنا تھا کہبھارت نے ہماری شہ رگ کو پکڑا ہے، کشمیر کے لیے قوم جاگ اٹھی،اب مریں گے یا ماریںگے، کشمیریوںکیساتھ نہ کھڑا ہونے والا غدار ہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنے آزادی مارچ کے ساتھ کشمیرکا نام لگا دیں تو یہ کامیاب ہو گا، ان کی لاک ڈائون کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ یہ لوگ سیاست کرنے جارہے ہیں، میں 3 ماہ سے کہہ رہا ہوں مولانا فضل الرحمن لاک ڈائون نہیں کریں گے، ہم نے 126دن دھرنا دیا لاک ڈائون کرنا کوئی آسان کا م نہیں۔ا نہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو ورغلایا نہ جائے، دینی مدارس کے طلبہ کشمیر کی آزادی کے مارچ میں بھر پور حصہ لیں۔علاوہ ازیںآزاد جموں و کشمیر کے سیکٹر بھمبر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے پاکستانی حکمرانوں، سیاست دانوں اور پاک فوج کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جاگتے رہنا، قوم جاگ گئی ہے اور اب ہم مریں گے یا مار کر رہیں گے، ایسا موقع دوبارہ نہیں آئے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آج کشمیریوں کو کس بات کی سزا مل رہی ہے، وہ 50 روز سے کرب کی زندگی کی گزار رہے ہیں جبکہ ان کی پوری قیادت بھی جیل میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ایجنڈا پاکستان کو ختم کرنا ہے جس کے لیے وہ واہگہ کا راستہ کھول کر کابل سے کاروبار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستانی قوم کو وقت آنے پر ہمیں ہمیشہ دھوکا دیا، اس لیے ہمیں امریکا کی نہیں بلکہ چین کی دوستی پر یقین کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے جو غلطی کی ہے اس سے پوری قوم اور سیاسی جماعتیں ایک ہوگئی ہیں، جو کشمیر کے لوگوں کے ساتھ نہیں کھڑا ہوا وہ غدار وطن اور بے ایمان وطن ہے۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں کشمیر کے لیے جنگ میں حصہ لوں اور سرحد پر شہید ہوجاؤں۔