حکمران اپنی بدعنوانیوں کی سزا عوام کونہ دیں،فرید پراچہ

503

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ تیزی سے زوال پذیر ملکی معیشت پر گورنر اسٹیٹ بینک کا بیانیہ اور آئی ایم ایف کا اعلامیہ تشویشناک ہی نہیں ، چشم کشا بھی ہے ۔ دونوں رپورٹس کے مطابق ایکسچینج ریٹ سے افراط زر بڑھا ہے ، توانائی کی قیمتیں بڑھنے اور روپے کی بے قدری سے مہنگائی کی شرح میں 18.10 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران بتائیں کہ آخر پاکستانی عوام کا جرم کیاہے اور کیوں حکمران اپنی ناقص پالیسیوں ، نااہلیوں اور بدعنوانیوں کی سزا عوام کو دینا چاہتے ہیں ؟ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کی اپنی مقرر کردہ معاشی ٹیم بھی کوئی شعبدہ بازی نہیں دکھا سکی ۔ انہوں نے کہاکہ ریونیو جمع کرنے کے لیے غریب عوام کی ہی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہاہے اس لیے کہ جی ایس ٹی اور بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ غریبوں پر ہی پڑتاہے ۔