باشعور قومیں اپنے ثقافتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں‘ جام کمال

313

کوئٹہ( نمائندہ جسارت) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ مختلف اقوام، قبیلوں اور رنگ ونسل سے تعلق رکھنے والوں کا گلدستہ ہے۔ ہمارے صوبے کی منفرد ثقافت، روایات اور تہذیب وتمدن یہاں بسنے والے لوگوں کی پہچان ہے‘ عالمی پشتون کلچر ڈے کی مناسبت سے وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زندہ اور باشعور قومیں اپنے ثقافتی و روایاتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں اور اس دن کو منانے کا مقصد ان تمام روایات، ثقافت، اور منفرد طرز زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے اور اسے ہمیشہ زندہ رکھنے کی کوشش ہے۔ صوبے کی ادبی تاریخ میں پشتون شعرا ،ادیب،مؤرخین اور مصنفین نے صوبے کی تہذیبی ، ثقافتی،تاریخی،اور روایتی ترجمانی احسن انداز سے کی ہے صوبے کے پشتو ادب کے تاریخی اعتبار سے نمایاںنام اور روشن ستارے عبدالعلی اخوندزادہ،عبدالسلام عشیزء اور پیر محمد کاکڑ جبکہ موجودہ دور کے پشتو ادب کے نامور ادبی نام عابد شاہ عابد اورعمرگل عسکر نے بھی اپنے کلام میں ہمیشہ پشتون قوم کو ملی یگانگت،ہم آہنگی،قومی یکجہتی،بہادری،اتحاد و اتفاق اور ہر قسم کے تعصب سے بالاتر مثبت اور تعمیری سوچ کا درس دیا ہے۔ آج کے نوجوان کو ان تمام تعمیری پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے اور صوبے کی بہترین عکاسی اور ترجمانی ہو۔پشتون کلچر کو روایتی علاقائی رقص ،کھانے اور پہناوے کا انداز منفرد بناتا ہے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ پشتونولی کو مصنفین نے اپنی کتب میں نمایاں جگہ دی ہے جس کا مقصد رواداری،برداشت،تحمل مزاجی،اور میانہ روی پر عمل کرتے ہوئے اجتماعیت کو فروغ دینا ہے۔آج کا یہ دن ہمیں ان تمام مثبت اصولوں پر پوری طرح سے عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے اور تخریبی سوچ کی نفی کرتے ہوئے ایک تعمیری معاشرے کی تشکیل کی جانب راغب کرتا ہے