وزیر اعظم کی شاہ سلمان سے ملاقات

472

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی عرب میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، اور دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر بھی گفتگو کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے سعودی تیل کی رسدگاہوں پر حملے کی مذمت کی۔ وزیر اعظم نے سعودی فرماں روا کے ساتھ بات چیت میں عزم کا اظہار کیا کہ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کو خطرہ ہونے کی صورت میں پاکستان ہمیشہ کی طرح سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ عمران خان نے اس موقع پر شاہ سلمان کومقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا، جس پر سعودی شاہ نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر اپنی حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی برائےسمندر پار پاکستانی ذوالفقار بخاری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجا علی اعجاز بھی ملاقات میں موجود تھے۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے مکہ مکرمہ میں عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم اور ان کے وفد کے لیے کعبہ شریف کا دروازہ بھی کھولا گیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے، جہاں ائرپورٹ پر ڈپٹی گورنر مدینہ شہزادہ سعود بن خالد الفیصل، سعودی حکام، جدہ میں پاکستان کےڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو اور قونصلیٹ کے افسران نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔وزیر اعظم کی مسجد نبوی میں حاضری کے موقع پر ان کے لیے حجرہ روضہ رسول خصوصی طور پر کھولا گیا۔ مسجد نبوی میں وزیر اعظم نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔