عمران فاروق قتل میں عشرت العباد کے ملوث ہونے کا انکشاف ،ٹیم تحقیقات کیلیے دبئی جائے گی

233

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عمران فاروق قتل کیس میں سابق گورنر سندھ عشرت العباد کو بھی شامل قرار دے دیا ۔ اس سے قبل سانحہ بلدیہ ٹائون میں بھی ان کا کرادار سامنے آچکا ہے‘ عمران فاروق کیس کی پاکستان منتقلی کے بعد تحقیقاتی اداروں نے عشرت العباد سے بھی تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی ادارے اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عشرت العباد کے خلاف کچھ شواہد پیش کیے ہیں اور 4 روز قبل عمران فاروق کیس کے تمام شواہد پاکستان کے حوالے کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ کی رضامندی سے مقدمہ پاکستان میں چلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عمران فاروق کے قتل کی سازش میں ملوث تمام نام اور ان کے خلاف شواہد پر مشتمل دستاویز پاکستانی حکام کے حوالے کردیں ہیں‘ سانحہ بلدیہ ٹائون کیس میں فیکٹری مالکان نے بھی عشرت العباد کے کردار کا ذکر کیا تھا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کی ٹیم وزارت داخلہ کی اجازت کے بعد عشرت العباد سے معلومات کے لیے دبئی جاسکتی ہے۔ برطانیہ سے موصول شواہد میں عمران فاروق کو سابق گورنرعشرت العباد کا قریبی ساتھی قرار دیا گیا ہے‘ شواہد میں عمران فاروق کا بیان بھی شامل ہے جس میں ڈاکٹر عشرت العباد کے حوالے سے اہم انکشافات ہیں جن میں عمران فاروق اور عشرت العباد کے تنازع کا بھی ذکر تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عشرت العباد سے‘ قتل کے محرکات اور سازش کون کرسکتا ہے؟ کس کو قتل کا فائدہ پہنچ سکتا ہے جیسے سوالات کیے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ عمران فاروق کے قتل سے متعلق کیس میں پاکستان کو مطلوب برطانوی شواہد کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں اور ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد کیانی نے برطانوی شواہد کی تفصیلات اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادی ہیں۔