کشمیر پر یوٹرن نہیں لینے دیں گے،ساتھ نہ دیا تو وادی بھارتی یونین کا حصہ بن جائے گا،سراج الحق

200
پشاور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق مرکز اسلامی میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کر رہے ہیں
پشاور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق مرکز اسلامی میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کر رہے ہیں

پشاور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان نے اس وقت کشمیر کا ساتھ نہ دیا تو کشمیر ہمیشہ کے لیے بھارتی یونین کا حصہ بن جائے گا ۔ حکمران آج کشمیر کی لڑائی سری نگر میں لڑ لیں ورنہ یہ لڑائی اسلام آباد میں لڑنا پڑے گی ۔ حکومت کو کشمیر پر یوٹرن نہیں لینے دیں گے ۔اس وقت کشمیر پر قومی وحدت ایٹم بم سے بھی زیادہ ضروری ہے ۔ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی ناکام اور نالائق ترین حکومت ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاو رمیں سینئر صحافیوں کے ساتھ خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع ، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات صہیب الدین کاکاخیل بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے روٹی ،جان بچانے والی ادویات اور روزمرہ ضروریات کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔تاجر مزدور ،زمیندار اورکسان سب پریشان ہیں ۔ حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے مایوس ہوچکے ہیں ،پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا ہے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والوں نے بے روزگاری میں 30 فیصد اضافہ کردیا ہے اور50 لاکھ گھردینے کی باتیں کرنے والوں نے اب تک ہزاروں گھر مسمار کردیے ہیں۔ حکومت نے ایک سال میں مہنگائی ، بے روزگاری اور یوٹیلیٹی بلز اور تیل و گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر کے غریب کو زندہ در گور اور سفید پوش طبقے سے باعزت زندگی کا حق چھین لیا ہے ۔میڈیا ٹریبونل بدنیتی پر مبنی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں ۔ میڈیا کی آزادی ، ذمے دارانہ اسلوب پر قومی ڈائیلاگ ناگزیر ہیں ۔ حکومت اپنی خوفناک حکمت عملی سے میڈیا کی آزادی غلامی ، خوف اور وحشت میں تبدیل نہ کرے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت کو پالیسیاں سابق حکومتوں سے ورثے میں ملی ہیں اور وہ بھی انہی پالیسیوں پر گامزن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی نے عوام کو سبز باغ دکھائے تھے، پی ٹی آئی جس تیزی کے ساتھ مقبول ہوئی تھی اسی تیزی سے غیر مقبول ہوگئی ہے ۔اس کی تمام پالیسیاں ناکام ثابت ہورہی ہیں جن سے 22کڑور عوام پریشان ہیں۔آج عوام کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے چہرے بھی مرجھائے ہوئے ہیں کیونکہ ان کے اظہار آزادی پر بھی حکومت نے قدغن لگا دی ہے۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی اور کسی کی سیاست کو کندھا نہیںدے گی ۔ جماعت اسلامی ا پنے پلیٹ فارم سے سابق اور موجودہ حکمرانوں کے کرتوتوں کو بے نقاب کرے گی ۔کراچی سے لے کر چترال تک جماعت اسلامی عوام کو بیدار کررہی ہے اور 27 ستمبر کو مظفر آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ۔