مہنگائی مزید 2سال جاری رہنے کا اعلان ہوگیا‘ لیاقت بلوچ

142

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں جاری کارکنان کی مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ملکی معیشت مسلسل زوال کا شکار ہے ایک سال کے بعد مزید 2 سال بھی مہنگائی جاری رہنے کا اعلان ہوگیاہے اس عرصے میں غریب پس اور سفید پوش طبقہ پٹ چکا ہوگا ۔ مہنگائی جس سطح پر پہنچ ائے گی اس سے واپسی ناممکنات میں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران سرکار نااہل اور ناکام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور غیر سنجیدگی چھوڑ کر کشمیر کی آزادی کے لیے ٹھوس لائحہ عمل بنایا جائے ۔ لمحوں کی کوتاہی قوموں کو صدیوں پیچھے لے جاتی ہے ۔ بے حمیتی ، بزدلی اور بے غیرتی کا راستہ اختیار کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرتی ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کے نہتے عوام نے اللہ پر کامل یقین اور اپنے قوت بازو پر بھروسہ کرتے ہوئے جہاد کا راستہ اختیار اور دنیا کی3 سپر طاقتوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا ۔ انہوںنے کہا کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر دہشت گری کا پشتیبان مودی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 48 ویں روزسے کرفیو جاری ہے ۔ انسانیت سسک رہی ہے ، پورا عالم مجرمانہ غفلت کی نیند میں ہے ۔ جہاد ہی علاج ہے ، حکومت اور ریاست عوامی جذبات کے مطابق حکمت و تدبر کے ساتھ بروقت فیصلہ کریں ۔ فرار اور غفلت و تاخیر ملک کے اندر انتشار مودی کو فائدہ اور کشمیریوں کی تحریک کا خون ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اندر سے کھوکھلا ہوچکاہے ۔ بھارت میں ایک درجن سے زائد علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں ۔ مودی نے آر ایس ایس کا ظلم و جبر اور تعصب کی جو کوشش کی ہے وہ بھارت کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے چھوڑے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے صرف سعودی سلامتی پر حملہ نہیں یہ دنیا کے امن اور عالم اسلام پر حملہ ہے ۔ حملہ کہا ں سے ہوا ، کس نے کیا ؟ ساری صورتحال کا فائدہ امریکی عزائم کو اور نقصان عالم اسلام کا ہے ۔ اتحاد امت کے جذبے کو دفنایا نہ جائے ، اتحاد امت ہی مسائل کا حل ہے ۔ لیاقت بلوچ نے پاک افغان بارڈر مہمند میں بارودی سرنگ کے ذریعے دہشتگردی میں پاک فوج کے میجر اور سپاہی کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان شہادتوں سے پوری قوم کا حوصلہ اور عزم بڑھتاہے۔
لیاقت بلوچ